کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل) تحصیل فوجداری کوٹلی کی عدالت نے اقدامِ قتل، گھر میں غیر قانونی داخلے اور دیگر جرائم کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم نعمان رزاق ولد محمد رزاق، سکنہ جوہڑی دندلی، تحصیل و ضلع کوٹلی کو مجرم قرار دے کر مختلف دفعات کے تحت سزائیں سنا دیں۔
عدالت کے سینئر سول جج و رکن عدالت راجہ سنور خان کمالی اور سینئر تحصیل قاضی و رکن عدالت حافظ محمد ندیم اصغر نے مقدمہ سرکار، بذریعہ محمد اکرم ولد محمد فاضل، سکنہ دندلی حال صرافہ بازار کوٹلی، میں فیصلہ سنایا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی خلائی ادارے اسرو کا مستقبل خطرے میں، 100 سے زائد سائنسدان ادارہ چھوڑ گئے
عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم کو دفعہ 324 اے پی سی (اقدامِ قتل) کے تحت سات سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے، دفعہ 452 اے پی سی کے تحت سات سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے جبکہ دفعہ 337-A1 اے پی سی کے تحت دو سال قید اور ایک لاکھ روپے ضمان کی سزا سنائی گئی۔
فیصلے میں مضروبہ انیسہ اور مضروب اکرم کو پہنچنے والی ضربات کے حوالے سے دفعہ 337-A2 اے پی سی کے تحت ملزم کو پانچ، پانچ سال قید اور دونوں مضروبان کے لیے 9 لاکھ 67 ہزار 620 روپے فی کس ارش ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔
عدالت نے مضروبہ انیسہ کو پہنچنے والی تین ضربات پر دفعہ 337-F3 اے پی سی کے تحت دو سال قید اور ایک لاکھ روپے ضمان، جبکہ مضروب اکرم کو پہنچنے والی ضرب پر اسی دفعہ کے تحت دو سال قید اور ایک لاکھ روپے ضمان کی سزا سنائی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جنیوا: کے پی آر آئی کا مقبوضہ کشمیر کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار
اسی طرح مضروب کو پہنچنے والی دو ضربات دفعہ 337-F4 اے پی سی کے تحت قرار پانے پر ملزم کو پانچ سال قید اور پانچ لاکھ روپے ضمان ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔
عدالت نے دفعہ 15(2) اے اے کے تحت بھی ملزم کو تین سال قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
فیصلے کے مطابق جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزم کو مزید چھ ماہ قید بھگتنا ہوگی، جبکہ ضمان اور ارش کی ادائیگی تک وہ جوڈیشل حوالات میں رہے گا۔ مجرم اپنی سزا ڈسٹرکٹ جیل کوٹلی میں کاٹے گا۔
عدالتی حکم کے مطابق تمام سزائیں بیک وقت شروع ہوں گی اور ملزم کو دفعہ 382-B ضابطہ فوجداری کا فائدہ بھی دیا گیا ہے۔ مالِ مقدمہ، آلۂ ضرر اور پارچات کو اپیل کی مدت گزرنے کے بعد ضابطے کے مطابق تلف کرنے، جبکہ مسل کو تکمیلِ ضابطہ کے بعد داخل دفتر کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا۔




