راولپنڈی(کشمیر ڈیجیٹل)رائزنگ پاکستان فورم کی مرکزی صدر رخشندہ تسنیم نے آج ضلع راولپنڈی کی صدر اور معروف سیاسی و سماجی رہنما گل آفرین اصغر، نائب صدر رائزنگ پاکستان فورم ضلع راولپنڈی و صدر ٹرانسپورٹ یونین اسلام آبادچوہدری جاوید اقبال کے ہمراہ اپنی ٹیم ڈاکٹر ثناء اللہ اور معروف صحافی صائمہ کے ہمراہ سابق یونین کونسل 31 موجودہ یو سی 6 چاہ سلطان کا تفصیلی دورہ کیا اور تاجر رہنماؤں و اہلِ علاقہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آنے والے بلدیاتی انتخابات، ان کی اہمیت اور بااختیار لوکل گورنمنٹ نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ علاقے کے مسائل اور تاجروں کو درپیش مشکلات پر گفتگو اور ان کے تدارک کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آئی اے ای اے کانفرنس،ڈاکٹر راجہ علی رضا انور کا جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کی حمایت کا اعادہ
اس موقع پر مرکزی چیئرمین آغا حماد یوسف مرکزی صدر ،حاجی شاہد بٹ ، مرکزی جنرل سیکرٹری،شاہد گل، اور جوائنٹ سیکرٹری وکی شاہ سے آغا حماد یوسف کے دفتر میں خصوصی ملاقات ہوئی۔
آغا حماد یوسف نے تاجروں کو درپیش مسائل، خصوصاً سڑک پر غلط پارکنگ کی وجہ سے روڈ بلاکنگ جیسے مسائل سے آگاہ کیا اور تاجروں کیلئے راولپنڈی میں مختلف اشیاء کی نمائش کے انعقاد اور اس کے فوائد کے بارے میں بتایا۔
رائزنگ پاکستان فورم کی قیادت نے ان کی تمام تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے جلد از جلد عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر بیوروکریسی میں اُکھاڑ پچھاڑ، نئے سیکشن افسران مختلف محکموں میں تعینات
دورے کے دوران گل آفرین اصغر نے طہماسپ آباد سے گزرنے والے نالے کی طرف حاضرین کی توجہ مبذول کرائی اور بتایا کہ برسات کے موسم میں یہ نالہ ملحقہ آبادیوں اور بالخصوص بچیوں کے کالج کے لیے شدید خطرہ بن جاتا ہے، لہٰذا اس کا فی الفور حل نکالا جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
رائزنگ پاکستان فورم کی قیادت نے تمام مسائل کو بغور سنا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پہلی فرصت میں ان پر کام کرتے ہوئے تمام تجاویز کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔




