پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ زبردست اضافے کے بعد ملک بھر میں مال بردار ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے ایندھن کے نرخوں میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر تمام قسم کی مال برداری اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 7 فیصد اضافے کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں اضافے کا اعلان،حکومت کو وارننگ بھی دیدی
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں یکلخت اتنا بڑا اضافہ برداشت سے باہر ہو چکا تھا، جس کی وجہ سے کرائے بڑھانا ان کی مجبوری بن چکا ہے۔
صدرآل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے اس فیصلے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ محض 7 دنوں کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 26 روپے 88 پیسے کا تاریخی ضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں بھی فی لیٹر 20 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹیشن کے شعبے کا تمام تر انحصار خصوصاً ڈیزل پر ہوتا ہے، اور اتنے مختصر عرصے میں اتنی بڑی تاثراتی تبدیلی نے ٹرانسپورٹ صنعت کیلئے گاڑیوں کو پرانے کرایوں پر چلانا ناممکن بنا دیا ہے۔
کرایوں میں اس 7 فیصد اضافے کے معاشی اثرات براہ راست عام شہری پر مرتب ہوں گے۔
مال برداری کے اخراجات بڑھنے کے باعث ملک بھر میں سپلائی چین شدید متاثر ہوگی، جس سے بنیادی اشیائے ضروریہ، جیسے کہ سبزی، پھل، دالیں، آٹا، گھی اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھنے کا واضح خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان
معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کا اثر منڈیوں اور بازاروں پر فوری طور پر نظرآئے گا، جس سے پہلے سے مہنگائی کے نیچے دبے ہوئے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔




