ساف فٹبال چیمپئن شپ ، شاہینوں نے ڈھاکا فتح کرلیا، فائنل میں بھارت سے ٹاکرا

پاکستان نے میزبان بنگلادیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دے کر پہلی بار ساف فٹبال چیمپئن شپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں اب روایتی حریف بھارت سے ٹائٹل کے لیے مقابلہ ہوگا۔

ڈھاکا کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ساف فٹبال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پاکستان نے میزبان بنگلادیش کو ایک صفر سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کی پہلی خاتون ایم ایم اے فائٹر ’’ساریہ خان‘‘ عزم، حوصلے اور کامیابی کی روشن مثال

میچ کے دوران بنگلادیش کا بال پر زیادہ قبضہ رہا تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار دفاعی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے متعدد حملے ناکام بنائے اور اسے گول کرنے کا موقع نہیں دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ آخری لمحات تک بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم میچ کے 86ویں منٹ میں عبدالصمد ارشد نے حریف دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے بائیں پاؤں سے شاندار گول اسکور کیا اور پاکستان کو ایک صفر کی فیصلہ کن برتری دلادی۔

میچ کے آخری لمحات میں بنگلادیشی ٹیم نے مقابلہ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن پاکستانی دفاع نے میزبان ٹیم کی تمام کوششیں ناکام بناتے ہوئے اپنی برتری برقرار رکھی۔

اس دوران اسٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور ناخوشگوار روئیے کے واقعات بھی پیش آئےجبکہ میچ کے آخری لمحات میں بنگلادیشی کھلاڑی پاکستانی فٹبالرز سے الجھتے رہےتاہم پاکستانی ٹیم نے اعصاب پر قابو رکھا اور ایک صفر سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔

یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی ٹیسٹ، بابراعظم نے ایک اور اعزاز اپنے نام کر لیا

نولبرٹو سولانو کی کوچنگ میں پاکستان فٹبال ٹیم پہلی بار ساف چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتنے سے اب صرف ایک فتح دور ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ایونٹ کا فائنل 17 نومبر کو کھیلا جائے گا، جہاں پاکستانی ٹیم پہلی مرتبہ چیمپئن بننے کے لیے میدان میں اترے گی۔