قومی کرکٹر محمد رضوان کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں جاری انکوائری کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ این سی سی آئی اے کے وکیل اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل رفاقت ڈوگر کی جانب سے محمد رضوان سے متعلق ایک تفصیلی سوالنامہ ہائیکورٹ میں پیش کر دیا گیا ہے، جو آزاد ڈیجیٹل نے حاصل کر لیا ہے۔ ایجنسی کی جانب سے کرکٹر کو پانچ صفحات پر مشتمل یہ سوالنامہ دیا گیا ہے جس میں ان سے ذاتی، مالی اور ڈیجیٹل کوائف کی فراہمی کا کہا گیا ہے۔
ذاتی اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات:
سوال نامے کے مطابق محمد رضوان سے ان کی ولدیت، تاریخ پیدائش، جائے پیدائش، اہلیہ کا نام اور بچوں کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے زیر استعمال رہنے والے گزشتہ دس سال کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس، جن میں فیس بک، ٹویٹر (ایکس)، انسٹاگرام اور دیگر پلیٹ فارمز شامل ہیں، کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: این سی سی آئی اے طلبی، کرکٹر محمد رضوان نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا
آمدن، اثاثے اور مالیاتی ریکارڈ کی طلبی:
کرکٹر سے گزشتہ پانچ سال کے دوران ان کی آمدنی کے ذرائع پوچھے گئے ہیں، جن میں تنخواہ، کرائے کی مد میں آمدن، کاروباری آمدن اور زرعی آمدن کی تفصیلات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ بینکوں میں موجود رقوم پر ملنے والے منافع، تمام بینک اکاؤنٹس اور کریڈٹ کارڈز کا پانچ سالہ ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔ اثاثوں کے حوالے سے ان سے وراثتی جائیداد کی تفصیلات اور اس کے منتقلی کا ثبوت دینے کا کہا گیا ہے، جبکہ پانچ سال کے دوران جائیداد کی خرید و فروخت کا ریکارڈ اور کسی بھی قسم کے قرض کی تفصیلات بھی سوال نامے کا حصہ ہیں۔
اخراجات اور ملکی و غیر ملکی سفر کی تفصیلات:
سوال نامے میں کرکٹر سے گزشتہ پانچ سال کے دوران کیے گئے گھریلو اور بچوں کے تعلیمی اخراجات کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک دوروں کے دوران قیام کی مدت اور اخراجات جبکہ گزشتہ پانچ سال کے اندرون ملک سفر کی تمام تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




