میرپور آزاد کشمیر سے ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں منگلا لہڑی کے قریب ایک باپ نے مبینہ طور پر اپنے تین بچوں سمیت نہر میں چھلانگ لگا دی ہے۔ اس دلخراش واقعے کی اطلاع ملتے ہی تمام متعلقہ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور باپ سمیت بچوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو و سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نہر میں چھلانگ لگانے والے شخص کی شناخت ذیشان فاروق کے نام سے ہوئی ہے جو کہ منگلا کینٹ کے علاقے ڈھوک صوبیدار ضلع جہلم کا رہائشی ہے۔ اس افسوسناک واقعے میں نہر میں کودنے والے بچوں میں آٹھ سالہ فجر ذیشان، پانچ سالہ عمر ذیشان اور تین سالہ نور فاطمہ شامل ہیں۔ بچوں کی کم سن عمر نے اس سانحے کو مزید دردناک بنا دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران میں تباہ ہونے والے امریکی لڑاکا طیارے کے عملے کی ریسکیو ویڈیو پانچ ماہ بعد منظرِ عام پر آ گئی
متاثرہ مقام پر ریسکیو کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر پاوندہ بوٹنگ کلب کے رضاکار بھی بڑھ چڑھ کر ریسکیو آپریشن میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں تاکہ لاپتہ ہونے والے باپ اور تینوں بچوں کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے۔




