ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں 39طالبات کی انٹرن شپ شروع

میرپور ( کشمیر ڈیجیٹل)ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں اسٹیٹ کالج آف نرسنگ کی 39 طالبات کی انٹرن شپ کا آغاز، ایم ایس سے تعارفی ملاقات کی۔

اسٹیٹ کالج آف نرسنگ سے تعلق رکھنے والی 39 طالبات نے اپنی پیشہ ورانہ تربیت کے سلسلے میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں ایک سالہ انٹرن شپ کا آغاز کر دیا ۔

گزشتہ برسوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس سال بھی طالبات کو ہسپتال میں عملی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جس کی کامیاب تکمیل پر انہیں انٹرن شپ سرٹیفکیٹ جاری کیے جائیں گے۔

اس سلسلے میں آج طالبات نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ سے تعارفی ملاقات کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھرتیاں: حکومت آزادکشمیر اور ای ٹی ایس کےمابین تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ معاہدہ طے

پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد راجہ نے طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں ادارے میں خوش آمدید کہا اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ نرسنگ کا شعبہ دکھی انسانیت کی خدمت کا ایک اہم ذریعہ ہے، جس میں پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ حسنِ اخلاق، احساسِ ذمہ داری، صبر اور مریضوں کے ساتھ ہمدردانہ رویہ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

ایم ایس نے ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ جمیلہ رجب کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تجربے کو سراہتے ہوئے انہیں ایک زیرک، باصلاحیت اور تجربہ کار افسر قرار دیا

طالبات کو ہدایت کی کہ وہ ان کی رہنمائی اور تجربے سے بھرپور استفادہ کریں تاکہ دورانِ انٹرن شپ اپنی عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہسپتال کے قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں، نظم و ضبط، وقت کی پابندی اور اچھے اخلاق کو اپنا شعار بنائیں ۔

اپنی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی بہترین ادائیگی کے ذریعے نہ صرف اپنے والدین بلکہ اپنے تعلیمی ادارے اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال میرپور کا نام بھی روشن کریں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخار گیلانی کا دورہ جہلم ویلی: تیاریاں مکمل،شیڈول جاری

اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ہسپتال میں طالبات کو بہترین عملی تربیت اور پیشہ ورانہ رہنمائی فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے

تاکہ وہ مستقبل میں ایک باصلاحیت، ذمہ دار اور انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار نرسنگ پروفیشنلز بن سکیں۔