بھرتیاں: حکومت آزادکشمیر اور ای ٹی ایس کےمابین تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ معاہدہ طے

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) حکومت آزاد جموں و کشمیر کا گریڈ 7 سے گریڈ 15 تک کی آسامیوں پر بھرتیوں کیلئے ٹیسٹنگ ایجنسی کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ایلیٹ ٹیسٹنگ سروس پاکستان  کیساتھ معاہدہ طے پاگیا

اس سلسلے میں جاری ٹینڈر کے تحت سنگل اسٹیج ٹو انویلپ طریقہ کار اپنایا گیا۔ ٹینڈر کا حوالہ آزاد کشمیر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی میں 6461درج ہے۔

بولیاں جمع کروانے کی آخری تاریخ 3 جون 2026ء مقرر تھی، جبکہ اسی روز تکنیکی بولیاں کھولی گئیں۔ مالیاتی بولیاں 26 اکتوبر 2026ء کو کھولی گئیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں 39طالبات کی انٹرن شپ شروع

پانچ ٹیسٹنگ اداروں کی جانب سے بولیاں موصول ہوئیں جن میں ایلیٹ ٹیسٹنگ سروس پاکستان نیشنل ٹیسٹنگ سروس ۔اوپن ٹیسٹنگ سروس کیریئر ٹیسٹنگ سروس پاکستان اور فیئر ٹیسٹنگ سروس شامل ہیں۔

ایلیٹ ٹیسٹنگ سروس پاکستان نے تکنیکی اور مالیاتی جائزے میں مجموعی طور پر 87 میں سے 87 نمبر حاصل کرتے ہوئے 350 روپے فی امیدوار سروس ٹیکس سمیت پیشکش کی اور اسے کم ترین بولی اور سب سے زیادہ فائدہ مند بولی قرار دیا گیا۔

نیشنل ٹیسٹنگ سروس (NTS) نے مجموعی طور پر 85 نمبر حاصل کیے اور 1150 روپے فی امیدوار کی پیشکش کی، جبکہ اوپن ٹیسٹنگ سروس نے 82 نمبر حاصل کرتے ہوئے 423 روپے فی امیدوار کی بولی جمع کروائی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم افتخار گیلانی کا دورہ جہلم ویلی: تیاریاں مکمل،شیڈول جاری

دونوں اداروں کو بالترتیب تیسرے اور دوسرے نمبر پر رکھا گیا۔دوسری جانب کیریئر ٹیسٹنگ سروس پاکستان اور فیئر ٹیسٹنگ سروس تکنیکی معیار پر پورا نہ اترنے کے باعث نااہل قرار پائے۔

بولیوں کی جانچ پڑتال اور حتمی درجہ بندی متعلقہ بڈنگ دستاویزات میں درج معیار اور آزاد کشمیر پبلک پروکیورمنٹ رولز 2017ء کے رول 35 کے تحت کی گئی۔