ایپل نے پاکستان کے لیے اپنے پہلے ہیڈ آف گورنمنٹ افیئرز کے طور پر سلمان ڈار کی تقرری کردی۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے لنکڈ ان پوسٹ میں اس تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایپل کی یہ تقرری کمپنی اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے رابطوں کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کی پری بکنگ کا آغاز، ایپل اسٹور آن لائن
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایپل کی پاکستان کے لیے ہیڈ آف گورنمنٹ افیئرز کی تقرری کے ذریعے ان کی پہلی انٹری کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ گزشتہ 2 سالوں کے دوران حکومت کے ایپل کے ساتھ روابط، پاکستان کے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل منظر نامے کے ساتھ مل کر اب نتائج دینا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے سلمان ڈار کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ’وِن وِن صورتحال‘ پیدا کرنے اور پاکستان میں ایپل کی موجودگی کو بڑھانے کے لیے رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔
سلمان ڈار نے اپنی علیحدہ لنکڈ ان پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے ایپل میں پاکستان کے لیے ہیڈ آف گورنمنٹ افیئرز کے طور پر نئی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔
سلمان ڈار نے کہا کہ بحیثیت ہیڈ آف گورنمنٹ افیئرز میں پاکستان میں گورنمنٹ افیئرز کی قیادت کروں گا، ریگولیٹرز، پالیسی سازوں اور اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کمپنی کے رابطوں میں معاونت کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایپل کمپنی پاکستان میں دفتر کھولنے کو تیار، امریکی قونصل جنرل نے بڑی خبر سنا دی
شزا فاطمہ نے اس پورے عمل کے دوران تعاون پر ایپل کے ڈائریکٹر گورنمنٹ افیئرز برائے مشرق وسطیٰ اور پاکستان عمر الرفاعی کا بھی شکریہ ادا کیا۔
یہ تقرری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اپنی ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط بنانے اور عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو راغب کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔




