محکمہ برقیات میں اصلاحات ، ثاقب مجید نے فیلڈ اسٹاف کو ایک ماہ کا ٹارگٹ دیدیا

مظفرآباد: وزیر توانائی و آبی وسائل آزاد کشمیر ثاقب مجید راجہ نے محکمہ برقیات حلقہ کھاوڑہ کے فیلڈ اسٹاف، ایکسیئن صاحبان اور ایس ڈی اوز کے ساتھ اہم اجلاس منعقد کیا گیا ۔

اجلاس میں کھاوڑہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی ترسیل، فیلڈ اسٹاف کی کمی، لائنوں کی حالت، مینٹیننس اور عوام کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سب ڈویژن ڈنہ، سب ڈویژن چکار کے فیڈر کھاوڑہ اور سب ڈویژن گڑھی دوپٹہ کے فیڈر کھاوڑہ سے متعلق امور زیر بحث آئے۔

وزیر توانائی ثاقب مجید راجہ نے کھاوڑہ سے محکمہ برقیات میں اصلاحات کے عملی آغاز کے لیے ایک ماہ کا واضح ٹارگٹ مقرر کردیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت کے دوران فیلڈ میں نمایاں بہتری نظر آنی چاہیے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہر پانچ میں سے ایک پاکستانی سے رشوت طلب، بجٹ کا 43 فیصدقرض ادائیگی میں خرچ ،نیشنل سٹیزن سروے

وزیر توانائی نے ہدایت کی کہ درختوں پر لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں کو فوری طور پر ہٹا کر محفوظ طریقے سے کھمبوں پر نصب کیا جائے تاکہ بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔

انہوں نے فیلڈ اسٹاف، بالخصوص لائن مینوں کی کمی کو دور کرنے کے لیے ایکسیئن صاحبان کو ہدایت کی کہ تجربہ کار اور قابل اہلکاروں کو ورک چارج بنیادوں پر تعینات کیا جائے تاکہ فیلڈ میں کام متاثر نہ ہو اور عوامی مسائل کے حل میں تیزی لائی جاسکے۔

ثاقب مجید راجہ نے واضح کیا کہ محکمہ کے اندر پہلے سے موجود دستیاب افرادی قوت، مشینری اور دیگر وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے اور فیلڈ میں عملی کارکردگی نمایاں ہونی چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو فیلڈ اسٹاف کے لیے ضروری مینٹیننس سامان کی فراہمی بھی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ لائنوں کی مرمت اور دیگر ضروری کام بروقت مکمل کیے جاسکیں۔

وزیر توانائی نے کہا کہ محکمہ برقیات میں بہتری محض اجلاسوں اور احکامات تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ اس کے عملی نتائج عوام کو فیلڈ میں نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے، بجلی کے نظام کی بہتری اور مینٹیننس کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم،پہاڑوں پر سردی کا راج ،بکروالوں نے ڈیرے سمیٹ لئے ، واپسی شروع

اجلاس میں مستقبل قریب میں کھاوڑہ میں سب ڈویژن کومی کوٹ اور سب ڈویژن میرا کلاں کے قیام کے حوالے سے بھی ضروری ورکنگ مکمل کرنے کی ہدایات دی گئیں، تاکہ علاقے میں محکمہ برقیات کے انتظامی و فیلڈ نظام کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔

وزیر توانائی ثاقب مجید راجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھاوڑہ سمیت آزاد کشمیر بھر میں محکمہ برقیات کے نظام میں مرحلہ وار بہتری، فیلڈ کارکردگی میں اضافہ اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔