خواجہ آصف

آزادکشمیر میں کشیدگی کے پیچھے بھارت،پراکسیز کے ذریعے دہشتگردی کروا رہا،وزیردفاع

اسلام آباد:وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاک فضائیہ نے بھارت کے 7 طیارے مار گرائے جس کی تصدیق رافیل کمپنی نے بھی کی، وزیر دفاع نے افغان پالیسی کے ذمہ داروں کو قومی مجرم، پی ٹی آئی پر بھارت سے مدد لینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ آزاد کشمیر میں جاری کشیدگی میں بھی بھارت ملوث ہے۔

اتوار کو نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے واضح کیا کہ بنیان مرصوص یعنی معرکہ حق میں پاکستان کی فتح بالکل واضح اور غیر متنازع تھی جس کی گواہی پوری دنیا نے دی۔

یہ بھی پڑھیں:کوپرہ چوکی حملہ آور کی شناخت، تعلق ٹی ٹی کے دہشتگرد تنظیم سے نکلا،باغ پولیس کا انکشاف

انہوں نے بتایا کہ انہیں وزارت کی طرف سے آگاہ کیا گیا کہ بھارت نے اسٹرائیک کی ہے جس کے بعد پاک افواج عوام کی توقعات پر مکمل پورا اتریں اور بھارت کو ایسا جواب دیا کہ اس کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا کر اس کے تمام خواب چکنا چور کر دئیے اور بھارت کو یہ امید بالکل نہیں تھی کہ ان کا یہ حشر ہوگا۔

خواجہ آصف نے اس ردعمل کو اپنی زندگی کا سب سے یادگار لمحہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ایئر فورس نے بھارت کے 7 طیارے مار گرائے اور خود رافیل طیارے بنانے والی کمپنی نے بھی اس کی تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری فتح اتنی واضح تھی کہ پاکستان اور بین الاقوامی میڈیا ایک ہی بات کر رہے تھے، جبکہ بھارتی میڈیا سچ اور جھوٹ کو مکس کر رہا تھا جس پر بھارتی عوام کو بھی اندازہ ہو گیا تھا کہ ان کا میڈیا جھوٹ بول رہا ہے۔ معرکہ حق میں بھارتی شکست کا اعتراف خود اس کے میڈیا نے بھی کیا۔

خواجہ آصف نے یاد دلایا کہ 1965 کی جنگ میں فیلڈ مارشل ایوب خان نے کہا تھا کہ انہوں نے کس قوم کو للکارا ہے اور اس مرتبہ بھی بھارت نہیں جانتا تھا کہ انہوں نے کس قوم اور کس فوج کو للکارا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلیں فخر کریں گی کہ ہم نے اپنے سے 7 گنا بڑے دشمن کو ایسی شکست دی جو دنیا نے دیکھی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 3 سال پہلے کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ پاکستان آج اس مضبوط مقام پر کھڑا ہوگا۔

وزیردفاع نے متنبہ کیا کہ جنگوں میں جن کو مار پڑتی ہے وہ بدلہ لینے کی طاق میں رہتے ہیں، اس لیے بھارت کی جانب سے اب بھی حملہ اور جنگ کا خطرہ موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نئے صوبے، پیپلزپارٹی کی دورخی پالیسی کے پیچھے کچھ اور دیکھتا ہوں، خواجہ آصف

انہوں نے اہم انکشاف کیا کہ آزاد کشمیر میں حالیہ کشیدگی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ معرکہ حق کے بعد بھارت اب براہِ راست پاکستان کو چیلنج کرنے کی جرات نہیں کر سکتا، اس لیے وہ پاکستان میں پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کروا رہا ہے۔

معرکہ حق کے بعد پاکستان میں دہشتگردی میں اضافہ ہوا ہے اور اس وقت بھارتی پراکسیز پاکستان پر حملہ آور ہیں لیکن ہماری فوج ان کا بہادری سے مقابلہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تحفظ کی ضامن صرف اور صرف ہماری فوج ہے اور ان کے پاس اپنا کوئی اسلحہ لائسنس نہیں ہے کیونکہ ہماری دفاع کے لیے 7 لاکھ فوج موجود ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ 70 کی دہائی میں افغانیوں کو یہاں لانے اور 80 کی دہائی میں روس کے خلاف امریکا کی جنگ میں شامل ہونے کا ہمارا کیا کام تھا؟

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے یہاں جنگیں لڑنی تھیں وہ اسلحہ اور دہشتگرد بھی یہاں چھوڑ گئے اور پاکستان اب اسے بھگت رہا ہے، لہٰذا ماضی میں ایسی غلط پالیسیاں بنانے والے لوگ قومی مجرم ہیں۔

وزیردفاع نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے لوگ اور پارٹی خود نہیں چاہتی کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں، بلکہ پی ٹی آئی کے لوگ چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اصلاحاتی پروگرام صرف آغاز ،ترقی کا سفر ہر گھر کی دہلیز تک پہنچائیں گے،افتخارگیلانی

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے معاملے اور موجودہ صورتحال سے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔ زیک گولڈ اسمتھ کے خط کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو قومی معاملات سے نتھی نہ کیا جائے اور اس وقت پی ٹی آئی کو بھارت سے مدد مل رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج 9 مئی کے واقعات کو کبھی نہیں بھولے گی اور سیاست میں چیزیں گن پوائنٹ پر نہیں ہوتیں۔ خواجہ آصف نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے بچوں کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔