اصلاحاتی پلان پر فوری عملدرآمد یقینی بنائیں گے، وزیراعظم گیلانی کی یقین دھانی

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم افتخار گیلانی سے ہفتہ کے روز آزادکشمیر بھر سے آئے ہوئے وفود نے ملاقاتیں کیں اور وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

اس موقع پر عوامی مسائل اور انکے حل اور ترقیاتی ترجیحات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم سے وزیر صحت ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی، سابق وزراء چوہدری محمد سعید، سردار فاروق احمد طاہر، سردار عامر الطاف، سینئر قانون دان سابق جج راجہ سجاد احمد خان اور سابق مشیر نسیم سرفراز سمیت دیگر عوامی وفود نے ملاقات کی۔

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام شہری کو ریلیف فراہم کرنا، بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا اور آزادکشمیر کے تمام علاقوں کو بلاامتیاز ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:استحکام پاکستان پارٹی کا وفاق، پنجاب اور گلگت سے آزادکشمیر تک پارلیمانی قوت بننے کا سفر

وزیراعظم گیلانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ حکومت عوامی مسائل کو محض فائلوں تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے عملی حل پر یقین رکھتی ہے اور متعلقہ محکموں کو عوامی شکایات کے ازالے کیلئے متحرک کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر کی فاسٹ ٹریک ترقی کیلئے اصلاحاتی پلان لیکر آرہی ہے۔ حکومت دستیاب وسائل عوامی فلاح کیلئے بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد : طویل بندش کے بعد ڈی ایس ایل اور انٹرنیٹ سروس بحال، شہریوں کی طرف سے خیرمقدم

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت پیدا کرنے اور ایسے منصوبوں کو ترجیح دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جن کے ثمرات جلد اور براہِ راست عام آدمی تک پہنچ سکیں۔

خواتین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر کی ترقی میں خواتین کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ خواتین کو تعلیم، روزگار، ہنرمندی، کاروبار اور فیصلہ سازی کے عمل میں زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے بغیر معاشرے کی مکمل ترقی ممکن نہیں۔