میرپور اور بھمبر میں 4جی انٹرنیٹ سروس بحال، نوٹیفکیشن جاری

مظفرآباد:وزیراعظم افتخار گیلانی کے اعلان پر دوسرے مرحلے میں میرپور اور بھمبر میں 3جی اور4جی انٹرنیٹ سروس آج رات سے بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں بھمبر اور میرپور کے مکمل اضلاع میں ڈی ایس ایل اورتھری جی ، فورجی سروسز دستیاب ہونگی۔

میرپور ڈویژن کے ہی ضلع کوٹلی میں تعلیمی اداروں، بینکوں، سول انتظامیہ، پولیس اور فوج کے دفاتر کو ڈی ایس ایل سروس فراہم کی جا رہی ہے ، موبائل انٹرنیٹ اوپن نہیں کیا گیا ہے۔

وادی نیلم کے بالائی اور زیریں علاقوں میں ڈی ایس ایل اورتھری جی ، فورجی سروسز پہلے ہی دستیاب ہیں اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: دوسرے مرحلے میں بھمبر اور میرپور میں انٹرنیٹ بحال ہوگا،وزیراعظم افتخار گیلانی

مظفرآباد میں ڈی ایس ایل سروس موجود تاہم تھری جی اور فور جی سروس دستیاب نہیں ہے،جہلم ویلی میں بھی ڈی ایس ایل سروس فراہم کی جا رہی ہے جبکہ تھری جی اور فور جی سروس موجود نہیں۔

لیپا ویلی میںڈی ایس ایل اورتھری جی ، فورجی سروسز پہلے سے بحال ہیں اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق راولاکوٹ اور سدھنوتی کے پورے اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز دستیاب نہیں، البتہ بعض مخصوص اداروں کو ڈی ایس ایل سروس فراہم کی جا رہی ہے، جن میں سی ایم ایچ راولاکوٹ، ایم ٹی بی سی ہسپتال عباسپور، اسسٹنٹ کمشنر آفس عباسپور اوربلنگ کمپنی عباسپور شامل ہیں۔

باغ میں صرف باغ سٹی، دھیرکوٹ سٹی، نعمانپورہ ٹاؤن اور ہاڑی گہل ٹاؤن کے شہری علاقوں میں ڈی ایس ایل سروس دستیاب ہے۔

حویلی کہوٹہ کے پورے ضلع میں صرف ڈی ایس ایل سروس ہے جبکہ تھری جی اور فوری سروس پر پابندی برقرار رہے ۔

یا درہے کہ کچھ گھنٹے قبل ہی وزیراعظم افتخار گیلانی نے دوسرے مرحلے میں میرپور اور بھمبرمیں انٹرنیٹ سروس مکمل بحالی کا اعلان کیا تھا۔