دوسرے مرحلے میں بھمبر اور میرپور میں انٹرنیٹ بحال ہوگا،وزیراعظم افتخار گیلانی

وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ دوسرے مرحلے میں بھمبر اور میرپور میں انٹرنیٹ سروس مکمل بحال کی جائیگی جبکہ مظفرآباد میں ڈی ایس ایل سروس کھولی جائیگی اور کچھ دنوں میں مکمل انٹرنیٹ بحال ہوگا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار گیلانی نے کہا کہ میرے پچھلے بیان کو درست پیرائے میں پیش نہیں کیا گیا، جس کے باعث عوام کی توقعات مختلف ہوگئیں۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم  افتخار گیلانی کا میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو خراجِ عقیدت

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے بعد دوسرے مرحلے میں اکثریتی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے گی جبکہ باقی علاقوں کو بھی مرحلہ وار شامل کیا جائے گا۔

افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ بحالی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں دو دن میں مزید پیش رفت ہوگی،دوسرے مرحلے میں مظفرآباد میں ڈی ایس ایل سروس کھولی جائے گی،ضلع بھمبر اور ضلع میرپور میں بھی انٹرنیٹ مکمل طور پر بحال کیا جائیگا۔

ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ کی بحالی کے متعلق میں نے جزوی طور پر بات کی تھی جس میں تعلیمی اداروں کا ذکر بھی شامل تھا۔میں نے کبھی یہ نہیں کہا تھا کہ پورے آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ مکمل طور پر بحال کیا جا رہا ہے

وزیراعظم نے کہا کہ 100 روزہ اصلاحاتی پلان کے تحت جو اقدامات کیے جائیں گے، ان میں عوام اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت شامل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں تیز رفتار اصلاحات، وزیراعظم گیلانی ان ایکشن،دن رات مصروف عمل

انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بھی وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی کافی متحرک ہیں،ہمیں تھوڑا وقت دیں، ان شاء اللہ آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات سے بڑھ کر کام کریں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم کے اعلان پر پہلے مرحلے میں نیلم ویلی اور جہلم ویلی میں انٹرنیٹ سروس بحال کی گئی ہے ۔