اسلام آباد: محکمۂ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی ویک اینڈ کے دوران بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کی شدت میں 14 ستمبر سے اضافہ متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اس موسمی نظام کے زیر اثر کشمیر، اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
کشمیر میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کا امکان
کشمیر میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کشمیر کے بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، جس کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود رہے گا۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، شامل ہیں
جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں 14 ستمبر کی شام یا رات سے 17 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ان علاقوں میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا میں بھی بارشوں کا سلسلہ متوقع
خیبر پختونخوا کے پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
گلگت بلتستان میں درمیانی سے موسلا دھار بارش کا امکان
گلگت بلتستان کے دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 12 سے 17 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق اس دوران بعض مقامات پر درمیانی سے موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ رہے گا۔
سندھ میں 13 سے 16 ستمبر تک بارش
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم 13 ستمبر کی شام یا رات سے 16 ستمبر کے دوران سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، ٹھٹہ، بدین، کراچی اور گردونواح میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
سندھ کے بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔
بلوچستان میں بھی بارش کی پیشگوئی
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم 13 سے 16 ستمبر کے دوران ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور گردونواح میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمۂ موسمیات نے موسلا دھار بارشوں کے باعث 14 سے 17 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
اس دوران شہری علاقوں میں برساتی نالوں اور نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔
مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ
محکمۂ موسمیات کے مطابق 14 سے 17 ستمبر کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، گلگت بلتستان، کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ
بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں اور متعلقہ اداروں کو حساس علاقوں میں صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
درجہ حرارت میں کمی متوقع
محکمۂ موسمیات کے مطابق موسمی نظام کے زیر اثر ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی کا بھی امکان ہے، جس سے حالیہ گرم اور مرطوب موسم میں قدرے بہتری متوقع ہے۔
سیاحوں اور مسافروں کو محتاط رہنے کی ہدایت
محکمۂ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو موسمی پیشگوئی کے دوران محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ خاص طور پر پہاڑی علاقوں کا سفر کرنے والے افراد کو لینڈ سلائیڈنگ، تیز ہواؤں اور اچانک موسلا دھار بارش کے خطرے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کسانوں کو زرعی سرگرمیاں موسم کے مطابق ترتیب دینے کا مشورہ
کسان حضرات کو بھی موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ بارش، تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے فصلوں اور دیگر زرعی سرگرمیوں کو پہنچنے والے نقصان سے بچا جاسکے۔
محکمۂ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔




