مظفرآباد : آزادکشمیر محکمہ تعلیم نے تعلیمی اداروں میں طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانے اور تعلیمی کیلنڈر پر مؤثر عمل درآمد کے لیے ایک سخت حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔
حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ تعلیم کے نوٹیفیکیشن کے مطابق، تمام ضلعی ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسران اور تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجوں کے سربراہان کو مطلع کیا گیا ہے کہ جو طالب علم 15 ستمبر 2026 تک اسکول یا تعلیمی ادارے میں حاضر نہیں ہوگا، اسے اپنا تعلیمی سال دوبارہ سے شروع کرنا اور دہرانا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کا بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی برسی پر خصوصی پیغام
سخت پالیسی اور والدین کے لیے ہدایات:
جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ حاضری پوری نہ کرنے والے طلبہ کو امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی انہیں اگلی جماعت میں پروموٹ کیا جائے گا۔ تمام والدین، سرپرستوں اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ تک تعلیمی اداروں میں حاضری لازمی یقینی بنائیں تاکہ بچوں کا قیمتی تعلیمی سال ضائع نہ ہو اور تعلیمی مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔ یہ احکامات محکمہ تعلیم آزاد جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل محمد اسلم خان کی جانب سے باضابطہ منظوری کے بعد جاری کیے گئے ہیں۔




