پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، چار روز میں پیٹرول کتنا مہنگا ہوا؟

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر کئی روز سے مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے جس نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے آج کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 370 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے جس سے اس کی نئی قیمت 398 روپے 4 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

چار دن میں پیٹرول 25 روپے تک مہنگا:

اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 4 روز کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ اسی عرصے میں ڈیزل بھی 19 روپے 99 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوا ہے۔ قیمتوں میں یہ مسلسل اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شہری پہلے ہی روزمرہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول 3 روپے 5 پیسے ، ڈیزل 5 روپے 37 پیسے فی لیٹر مہنگا ، نوٹیفکیشن جاری

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھنے کا اثر صرف گاڑیوں کے ایندھن تک محدود نہیں رہتا بلکہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھنے کے ساتھ اشیائے خورونوش اور دیگر ضروری سامان کی قیمتوں پر بھی دباؤ بڑھ سکتا ہے۔ مسلسل بڑھتی پیٹرولیم قیمتوں کے باعث شہریوں نے حکومت سے فوری ریلیف دینے کے لیے اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سفر، کاروبار اور روزمرہ اخراجات کا انتظام آسان ہو سکے۔