کھلی کچہری: محتسب آزادکشمیر کا شکایات کنندگان کے مسائل حل کرنے کا حکم

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) عوامی شکایات کی سماعت اور فوری ازالے کیلئے محتسب سیکرٹریٹ مظفرآباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

کھلی کچہری میں ضلع مظفرآباد سے متعلق شہریوں کی شکایات کی فرداً فرداً سماعت کی گئی اور موقع پر ہی ازالے کے احکامات جاری کیے گئے۔

کھلی کچہری میں ادارہ محتسب کے افسران، ضلعی افسران، شہریوں اور شکایت کنندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

محکمہ برقیات، بورڈ آف ریونیو، ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد، لوکل گورنمنٹ بورڈ، تعمیرات عامہ، پبلک ہیلتھ، مینٹیننس شاہرات ڈویژن، جنگلات، صحت عامہ اور زراعت سمیت مختلف محکموں کی بدانتظامی سے متعلق شکایات کی سماعت کی گئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: تعلیمی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرنے کا پلان تیار

دوران سماعت محتسب آزاد جموں و کشمیر محمد عارف خان راٹھور نے متعلقہ محکموں کے نمائندگان کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایات جاری کیں جبکہ پہلے سے جاری احکامات اور فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹس بھی طلب کی گئیں۔ انہوں نے عوامی شکایات پر تبصرہ فراہم کرنے میں غیر ضروری تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔

محتسب آزاد جموں و کشمیر نے کہا کہ ادارہ محتسب آزاد کشمیر کے شہریوں کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ شکایات کے ازالے میں رکاوٹ یا تاخیری حربوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور رکاوٹ بننے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ادارہ محتسب میں Informal Resolution of Disputes (IRD) کا قیام بھی عمل میں لایا جا چکا ہے، جس کے تحت تنازعات کے غیر رسمی حل کے لیے بھی شکایات کی سماعت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
کھلی کچہری میں سیکرٹری محتسب سیکرٹریٹ محترمہ شازیہ اشرف، ناظم تحقیقات راجہ رضوان علی، ناظم تحقیقات راجہ محمد سعید، ماجد رفیق ناظم ایڈمن/تحقیقات، افتخار حسین اکاؤنٹنٹ جنرل، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران مردانہ و زنانہ، اسٹیٹ آفیسر بلدیہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد، ایس ڈی او تعمیرات عامہ، ایس ڈی او مینٹیننس، ایس ڈی او پبلک ہیلتھ، صدر قانون گو دفتر ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ افسران نے اپنے اپنے محکموں سے متعلق شکایات کے ازالے اور جاری شدہ احکامات پر عملدرآمد کی یقین دہانی کروائی۔اس موقع پر پاکستان ٹیلی ویژن، آزاد جموں و کشمیر ٹیلی ویژن سمیت مختلف پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور کھلی کچہری کی کارروائی ریکارڈ کی۔ شکایت گزاران کے تاثرات بھی قلمبند کیے گئے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم گیلانی ان ایکشن، فوڈ سیفٹی اتھارٹی افسران کوفیلڈ میں نکلنے کا حکم

شکایت گزاران نے مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ادارہ محتسب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے اپنا وکیل قرار دیا اور عوامی مسائل کے بروقت ازالے کے لیے کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

شہریوں نے بتایا کہ ادارہ محتسب کی مداخلت سے مظفرآباد میں صاف پانی کی فراہمی، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، شہر بھر سے آوارہ کتوں کے خاتمے، بجلی کی لائنوں کی منتقلی اور بجلی کے بلوں کی درستگی سمیت متعدد مسائل حل ہوئے ہیں، جس سے عوام کا ادارہ محتسب پر اعتماد بحال ہوا ہے۔