ملک بھر کیلئے بجلی بلوں میں بڑا اضافہ کردیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

Pakistan SCO Summit 2026

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جولائی کی ماہانہ اور حالیہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ملک بھر کے لیے بجلی بالترتیب 2 روپے 6 پیسے اور 52 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس دہرے اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا جس کے نتیجے میں ستمبر کے بلوں میں عوام پر 45 ارب روپے سے زیادہ کا اضافی معاشی بوجھ پڑیگا۔

یہ بھی پڑھیں:عوامی ایکشن کمیٹی کی نئی سازش: آزاد کشمیر میں سول نافرمانی اور بجلی بلوں کی بائیکاٹ کا اعلان

پاکستان میں بجلی کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتیں اور ہوشربا مہنگائی اس وقت عوام کے لیے سب سے بڑا دردِ سر بنے ہوئے ہیں۔

پہلے ہی بھاری ٹیکسوں، ‘کیپیسٹی چارجز’ اور بنیادی ٹیرف میں اضافے کی وجہ سے گھریلو اور تجارتی صارفین بلوں کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

حالیہ مہینوں کے دوران بلوں میں ہونے والے ہوشربا اضافوں نے عوامی سطح پر شدید بے چینی پیدا کر رکھی ہے اور ایسے میں نیپرا کی جانب سے ستمبر کے بلوں میں یہ نیا اضافہ پہلے سے پریشان حال عوام کے لیے کسی بڑے صدمے سے کم نہیں ہے۔

نیپرا کی جانب سے باقاعدہ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی گئی ہے۔

اس اضافے کا اطلاق رواں ماہ ستمبر کے بلوں میں کیا جائے گا جس کی زد میں کے الیکٹرک کے صارفین بھی آئیں گے۔

اعداد و شمار کے مطابق محض اس ایک ماہ کی ایڈجسٹمنٹ کے نتیجے میں بجلی استعمال کرنے والوں پر 33 ارب روپے سے زیادہ کا اضافی مالی بوجھ منتقل ہوگا۔

دوسری جانب نیپرا نے اپریل تا جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ بھی حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجلی کی قیمت میں اضافہ ،نیپرا کا نوٹیفکیشن جاری

اس فیصلے کے تحت ملک بھر کے لیے بجلی 52 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کی گئی ہے۔

وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اس اضافے کا اطلاق ستمبر سے نومبر 2026 کے 3 ماہ کے لیے ہوگا اور اس کا بوجھ بھی کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے صارفین کو اٹھانا پڑے گا۔

اس سہ ماہی اضافے کے نتیجے میں صارفین کے کندھوں پر مزید 12 ارب 67 کروڑ روپے کا بوجھ ڈالا جائے گا۔

Pakistan SCO Summit 2026