شاہد آفریدی

انگلینڈ کیخلاف تیسرا ٹیسٹ، پی سی بی کے فیصلوں پر شاہد آفریدی کا ردعمل آ گیا

Pakistan SCO Summit 2026

لاہور: سابق کپتان شاہد آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کیے گئے فیصلوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ کے فیصلے کی منطق اور وجہ سمجھ نہیں آ رہی۔

شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ متبادل کھلاڑیوں کا انتخاب بھی سمجھ سے بالاتر ہے۔ انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کے لیے ٹی ٹوئنٹی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، آخر یہ کیسی سوچ اور حکمت عملی ہے؟

یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کیخلاف تیسرا ٹیسٹ،7کھلاڑیوں،2کوچز کو ریلیز کردیا گیا

سابق کپتان نے سوال اٹھایا کہ صرف پانچ ٹیسٹ میچز کے بعد کوچ کو کیوں ہٹا دیا گیا؟ ان کے مطابق سلیکشن کمیٹی کا یہ اب تک کا سب سے حیران کن فیصلہ ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے فیصلے ضرور ہونے چاہئیں تاہم فیصلوں کے پیچھے واضح سوچ اور حکمت عملی بھی نظر آنی چاہیے۔

تیسرے ٹیسٹ سے قبل ٹیم میں بڑی تبدیلیاں

انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پی سی بی نے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں بڑی تبدیلیاں کردی ہیں۔ بورڈ نے محمد رضوان، امام الحق، سلمان علی آغا، علی عثمان، عامر جمال، محمد اویس ظفر اور خرم شہزاد کو اسکواڈ سے ریلیز کردیا ہے۔

ان کی جگہ سات کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں صائم ایوب، عبداللہ فضل، عرفات منہاس، محمد عمران جونیئر، سعد بیگ، محمد عمران عرف عمران رندھاوا اور رضا اللہ شامل ہیں۔ ان میں پانچ کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلی دفعہ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ: انگلینڈ نے پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر سیریز جیت لی

پی سی بی نے کوچنگ اسٹاف میں بھی تبدیلی کرتے ہوئے سرفراز احمد اور عمر گل کو ریلیز کردیا جبکہ مائیک ہیسن اور ایشلے نوفکے کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں انگلینڈ کو پہلے دو میچز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، تیسرا ٹیسٹ 9 ستمبر سے برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔

Pakistan SCO Summit 2026