میرپور (کشمیر ڈیجیٹل) مرکزی رہنما (ن )لیگ آزاد کشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی حلقہ ایل اے فور کھڑی شریف چودھری رخسار احمد نے کہا ہے کہ سیاست کو عوام کی خدمت کا ذریعہ سمجھتے ہیں اور قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف کے سپاہی ہیں۔ حالات و واقعات تبدیل ہوتے رہتے ہیں تاہم عوامی خدمت کا جذبہ اور اپنے قائد کے ساتھ وابستگی ہمیشہ برقرار رہے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلسِ عاملہ کے رکن اور میونسپل کارپوریشن میرپور کے سابق ایڈمنسٹریٹر خواجہ ساجد محمود پہلوان سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بلدیاتی الیکشن، امبڑیالہ میں بڑی بیٹھک ،ن لیگی امیدواروں کی بھرپور حمایت کا اعلان
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے معاملات اور دیگر سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چودھری رخسار کا کہنا تھا کہ عوام کی نمائندگی محض ایک منصب نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری ہے، جسے پورا کرنے کیلئے عوامی مشکلات کو سمجھنا اور ان کے ازالے کیلئے سنجیدہ عملی اقدامات کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیحات میں حلقے کی تعمیر و ترقی، عوام کو درپیش مسائل کا حل اور علاقے کے لوگوں کی بہتری کیلئےبھرپور کوششیں شامل ہیں۔
اس موقع پر خواجہ ساجد محمود پہلوان نے چودھری رخسار احمد کی سیاسی جدوجہد اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حلقہ کھڑی شریف کے عوام کی جانب سے انہیں ’’شیرِ کھڑی‘‘ کا لقب دیا جانا ان کی عوام میں مقبولیت اور ان پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں پیش گوئی کی کہ چودھری رخسار احمد کو مستقبل قریب میں وزارت کی ذمہ داری سونپی جائے گی، جس سے انہیں حکومتی سطح پر علاقے کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے مزید مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔
خواجہ ساجد محمود پہلوان نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے منشور کی روشنی میں عوامی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کرے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ میاں محمد نواز شریف کے وژن کو عملی شکل دینے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے بھرپور کوششیں
جاری رکھی جائیں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دھیر کوٹ،طالبہ زیادتی کیس، متاثرہ بچی کو تنہا نہیں چھوڑوں گی :زوبیہ خورشید
ملاقات کے دوران سابق ڈپٹی میئر خواجہ لیاقت محمود اور ماہرِ تعلیم خواجہ سلیم رضا بھی موجود تھے۔




