لارڈز:انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 194 رنز سے شکست دیکر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ پاکستانی ٹیم کو 16 سال بعد لارڈز کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انگلینڈ نے پاکستان کو میچ جیتنے کیلئے 389 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن انگلش باؤلنگ کے سامنےریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 194 رنز پرآل آؤٹ ہو گئی۔
پاکستان کی طرف سے سعود شکیل نے 97 رنز کی شاندار مزاحمتی اننگز کھیلی اور ٹیم کےنمایاں بیٹر رہے تاہم وہ سنچری مکمل نہ کرسکے، سعود نے مشکل صورتحال میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو ہدف کے قریب لے جانے کی کوشش کی لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹوں کے گرنےکا سلسلہ مسلسل جاری رہا۔
شان مسعود 26 رنز بنا کر پویلین لوٹے ،علی عثمان نے 16 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم اور اذان اویس 6،6 رنز بنا سکے، محمد رضوان صرف 1 رن بنا سکےجبکہ عبداللہ شفیق بغیر کوئی رن بنائے کریز کو خدا حافظ کہہ گئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی ٹیم کی ناقص کارکردگی، محمد یوسف کی کوچز پر کڑی تنقید ، کھیل کیلئے ’’زہر‘‘ قرار دیدیا
انگلش باؤلرز نے دوسری اننگز میں شروع ہی سے پاکستانی بیٹرز پر پریشر برقرار رکھا اور وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی ہدف کے تعاقب کی اُمیدیں تمام کردیں۔
اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 248 رنز بنائے تھے، جس کےتعاقب میں قومی ٹیم 171 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، انگلینڈ نے دوسری اننگز میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا مجموعہ ترتیب دیا اور پاکستان کے سامنے 389 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف رکھا۔
پاکستانی باؤلر محمد عباس نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 57 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں اور لارڈز کے میدان میں ایک اننگز میں پانچ وکٹیں لینے والے پاکستانی باؤلرز کی فہرست میں شامل ہوگئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:محمد عباس کی لارڈز ٹیسٹ میں 5 وکٹیں ، 7ویں پاکستانی بولر بن گئے
تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن انگلینڈ کے باؤلرز کا دباؤ برداشت نہ کرسکی، سعود شکیل کی 97 رنز کی مزاحمتی اننگز بھی پاکستان کو شکست سے نہ بچا سکی۔




