مایوس کن کارکردگی،سیریز کے بعد فیصلہ کریں گے،کس کو نکالنا ہے، ہیڈکوچ سرفراز احمد

لندن: پاکستان کرکٹ ٹیم کی دورہ انگلینڈ میں خراب کارکردگی اور مایوس کن بیٹنگ پرفارمنس کے بعد ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے کہا ہے کہ مشکل وقت میں کھلاڑیوں پر ملبہ نہیں ڈالوں گا، سیریز کے بعد فیصلہ کریں گے،کس کو نکالنا ہے۔

ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی خراب کھیلے ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ میں سارا ملبہ کھلاڑیوں پر ڈال دوں۔

یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ کا دوسرا روز،پاکستان ٹیم 110 رنز پر ڈھیر،انگلینڈ کی 261رنز کی برتری

سرفراز احمد نے کہا کہ یہ ہماری ٹیم ہے اور پاکستان کے بہترین کھلاڑی اس کا حصہ ہیں، محمد رضوان ، سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے پرفارم بھی کیا ہے، لیکن آج رنز نہیں کر رہے ، تو بطور ہیڈ کوچ ان کے ساتھ کھڑاہوں، سیریز کے بعد بیٹھیں گے، بات کریں گے، پھر طے کریں گے، کس کو رکھنا ہے،کس کو نکالنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ بیٹنگ میں اچھا کرتے ہیں ،تو بولنگ خراب ہوجاتی ہے، ابھی تسلیم کرتا ہوں، بلے بازی میں مسائل ہیں ، یہ سارے اچھے لڑکے ہیں، بہت محنت کر رہے ہیں ، افسوس نتائج ہمارے حق میں نہیں آرہے، لیکن ہمیں اس حقیقت کو تسلیم کرنا پڑے گا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایک پیشہ ورانہ ٹیم ہے۔

ہیڈ کوچ سرفراز احمد نےکہاکہ اگر پاکستان ٹیم کو بین الاقوامی سطح پر اپنا تشخص عالمی معیار کے مطابق رکھنا ہے ،تو لڑکوں کو پرفارم کرنا ہوگا، فرسٹ کلاس کرکٹ میں جانا ہوگا، اپنی خامیوں پر کام کرنا ہوگا، یہ ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جنوبی افریقا کو شکست ،پاکستان ہاکی ٹیم نے ورلڈکپ میں 11ویں پوزیشن حاصل کرلی

انہوں نے کہا کہ جہاں تک رہی ٹیم کی پرفارمنس بطور ہیڈ کوچ میں مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں، کسی کو موردالزام نہیں ٹھہراؤں گا۔