آزادکشمیر سمیت بالائی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی،الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نےآزادکشمیر سمیت بالائی علاقوں میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے جبکہ بارشوں کے پیش نظر پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے بھی متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں جب کہ 31 اگست سے مغربی ہواؤں کی لہر بھی ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 5 ستمبر تک برقرار رہ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:لارڈز ٹیسٹ کا پہلادن بارش سے متاثر، انگلینڈ کی 9وکٹیں گر گئیں

محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر میں 28 اگست کی شام یا رات سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔

اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور حافظ آباد میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جب کہ بعض مقامات پر شدید بارش ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں یکم سے 5 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی 29 اگست سے 5 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پشاور، دیر، چترال، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، ہنگو، کرم، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کرک، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں اور وزیرستان میں یکم سے 4 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔

اسی طرح گلگت بلتستان کے علاقے دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں 30 اگست سے 6 ستمبر تک وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 31 اگست سے 5 ستمبر کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں شدید بارش کے باعث شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔

آزاد کشمیر، مری، گلیات، اسلام آباد اور راولپنڈی کے مقامی ندی نالوں میں شدید بارش کے باعث طغیانی اور اچانک سیلاب کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:محکمہ موسمیات نے آج سے بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کر دی

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو پیشگوئی کی مدت کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جب کہ کسانوں کو موسمی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے فصلوں سے متعلق سرگرمیاں ترتیب دینے کا مشورہ دیا گیا ہے جب کہ تمام متعلقہ اداروں کو پیشگوئی کی مدت کے دوران چوکس رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے بچنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔