راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سلمان علی آغا کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹنگ میں تینوں فارمیٹس کے دوران کوئی تبدیلی نہیں آتی، اور انہیں کسی کو کچھ ثابت نہیں کرنا اور نہ ہی کسی کو جواب دینا ہے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ ان کے لیے تینوں فارمیٹس میں پرفارم کرنا اہم ہے، اور خوش قسمتی سے ون ڈے کرکٹ میں ان کی کارکردگی زیادہ بہتر رہی ہے، جبکہ انہیں کرکٹ پسند ہے اور پاکستان کے لیے کھیلنا اچھا لگتا ہے۔
سنچری کی سیلیبریشن اور میچ پر تبصرہ:
سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی سنچری کے بعد کی سیلیبریشن ان کے بیٹے کے لیے تھی۔ انہوں نے میچ کی صورتحال کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ٹیموں نے آخری اوورز میں اچھی بیٹنگ نہیں کی۔
یہ بھی پرھیں: محمد رضوان کے بعد امام الحق کو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی
ڈومیسٹک کرکٹ اور کھلاڑیوں کی عزت کا معاملہ:
پاکستانی کرکٹر سلمان علی آغا نے ڈومیسٹک کرکٹ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کو عزت نہیں دیتے، جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کھیلنا اور رنز بنانا بالکل آسان نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھا کھیلنے والے کھلاڑی انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی اچھا کھیلیں گے، اس لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے تمام کھلاڑیوں کو عزت دینی چاہیے۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں فارم اور حالیہ کارکردگی:
حالیہ پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ گزشتہ تین ٹیسٹ میچز ان کے لیے اچھے نہیں رہے، لیکن وہ پچھلے چار سال سے مسلسل پُرفارم کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے اندر اپنی فارم واپس لانے میں کچھ وقت لگتا ہے۔




