مظفرآباد: وزیراعظم کی ہدایت پر انتظامہ متحرک، غیر قانونی تجاوزات پر کارروائی شروع

مظفرآباد: نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر کی سخت ہدایات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد نے شہر کے مختلف اہم اور حساس مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا اور غیر قانونی تجاوزات کی نشاندہی کی۔ اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے مکمل خاتمے کے لیے ایک باقاعدہ ٹائم لائن بھی مقرر کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم کے احکامات جاری ہوتے ہی انتظامیہ مکمل طور پر حرکت میں نظر آ رہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرنے کے بعد غیر قانونی تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر کام کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا گیا ہے۔

تجاوزات اور ٹریفک مسائل کا جائزہ:

دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ شہر میں سڑکیں تو وہی ہیں اور کھلی روڈیں موجود ہیں، لیکن اس کے باوجود بھی ٹریفک کے قوانین کی شدید ورزی کی جاتی ہے اور روڈ کے اوپر ہی گاڑیوں کی ورک شاپس بھی قائم کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کمشنر صاحب کی طرف سے اس معاملے پر ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی، اور اب الحمدللہ اس پر باقاعدہ کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کے اعلان پر عملدرآمد،مظفرآباد اور جہلم ویلی میں موبائل انٹرنیٹ سروس بحال

آئندہ کا لائحہ عمل اور سخت ایکشن کی ہدایت:

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ پہلے ایکشن کمیٹی اور دیگر انتظامی معاملات کی وجہ سے ان کا کام کافی حد تک ڈسٹرب رہا، لیکن اب انشاءاللہ تمام ورک شاپس کا کام دکانوں کے اندر ہی ہوگا اور سڑکوں کو صرف گاڑیوں کے چلنے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص، چاہے وہ اللیگل اڈا ہو یا غیر قانونی پارکنگ، اس کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ اس مہم میں انسپیکٹر تجاوزات بلدیہ، ڈی ایس پی ٹریفک اور اے سی رورل سمیت تمام افسران متحرک ہیں اور بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔