اسلام آباد: وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ قرض حاصل کرنے کے لیے ضروری کاغذات کی تعداد کو کم کر کے صرف 5 کر دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق ہاؤسنگ قرض کے حصول کے لیے اب درکار ضروری دستاویزات میں ٹرانسفر لیٹر، پوزیشن لیٹر، نقشہ، رہن رکھنے کی اجازت کا خط اور اندراجِ رہن شامل ہیں، جبکہ اس سلسلے میں تمام متعلقہ بینکوں کو بھی ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ہاؤسنگ قرض کی رقم اور اقدامات کی تفصیلات:
وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ترجمان نے ایک اہم بیان میں واضح کیا ہے کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ملک بھر میں جاری ہاؤسنگ قرضوں کا ایک انتہائی اہم اور مرکزی منصوبہ ہے۔ اس قومی منصوبے کے تحت حکومتِ پاکستان کی جانب سے تاریخ میں پہلی بار شہریوں کو اپنا ذاتی گھر بنانے کے لیے ایک کروڑ روپے تک کا قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہاؤسنگ منصوبہ ’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘ اقوام متحدہ کےایوارڈ کے لیے منتخب
دستاویزات کو محدود اور معیاری بنانے کا مقصد:
وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے مطابق اس خصوصی سکیم کے تحت ہاؤسنگ فنانسنگ کا عمل آسان بنانے کے لیے بینکوں کو درکار ضروری دستاویزات کو محدود اور معیار کے مطابق بنایا گیا ہے۔
ان اقدامات کا مقصد شہریوں کے لیے ہاؤسنگ قرضوں کے حصول کے عمل کو زیادہ سے زیادہ سادہ، شفاف اور آسان بنانا ہے تاکہ عوام اس سرکاری سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔




