پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں چنگان نے اپنی نئی پک اپ نیوو ہنٹر REEV کو باضابطہ طور پر متعارف کروا دیا ہے۔ اس گاڑی کی سب سے اہم خصوصیت الیکٹرک ڈرائیو کے ساتھ رینج ایکسٹینڈر ٹیکنالوجی اور آل وہیل ڈرائیو سسٹم کا شامل ہونا ہے۔
کمپنی کے مطابق نیوو ہنٹر REEV فیول اور بیٹری کے بہترین امتزاج کی بدولت مجموعی طور پر 900 کلومیٹر سے زیادہ کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ گاڑی کی یہ خصوصیت طویل سفر کرنے والے صارفین اور آف روڈ ڈرائیونگ کا شوق رکھنے والوں کے لیے انتہائی توجہ کا باعث ہے۔
2.0 لیٹر ٹربو انجن اور پاور سسٹم کی خصوصیات:
پاکستان میں متعارف کروائے گئے ماڈل میں 2.0 لیٹر ٹربو انجن اور آل وہیل ڈرائیو سسٹم فراہم کیا گیا ہے۔ اس کا پاور سسٹم 322 ہارس پاور اور 529 نیوٹن میٹر کا زیادہ سے زیادہ ٹارک پیدا کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقساط پر گاڑی خریدنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری، آٹو فنانسنگ ریکارڈ سطح پر
گاڑی میں 31.18 کلو واٹ آور کی بیٹری دی گئی ہے جس کے ذریعے NEDC معیار کے مطابق 131 کلومیٹر تک خالص الیکٹرک ڈرائیو حاصل کی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ گاڑی میں 70 لیٹر کا فیول ٹینک بھی موجود ہے، جس کی بدولت بیٹری ختم ہونے کی صورت میں رینج ایکسٹینڈر سسٹم کے ذریعے سفر جاری رکھا جا سکتا ہے۔
متعدد ڈرائیونگ موڈز اور آف روڈ آپشنز:
شہری سڑکوں کے ساتھ ساتھ مختلف حالات کے لیے گاڑی میں ایکو، کمفرٹ،اسپورٹ، ٹریکشن اور کسٹم ڈرائیونگ موڈز شامل کیے گئے ہیں۔
آف روڈ ڈرائیونگ کو بہتر بنانے کے لیے گاڑی میں اسنو، مڈ، سینڈ، کرول، ٹوئنگ اور آف روڈ موڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ سائز کے اعتبار سے اس کی لمبائی 5,380 ملی میٹر، چوڑائی 1,980 ملی میٹر، اونچائی 1,920 ملی میٹر اور وہیل بیس 3,180 ملی میٹر ہے۔
اندرونی سہولیات اور اعلیٰ سیفٹی فیچرز:
گاڑی کے اندر 12.3 انچ کا انفوٹینمنٹ ڈسپلے، 6 اسپیکرز کا آڈیو سسٹم اور 50 واٹ کا وائرلیس چارجنگ سسٹم دیا گیا ہے۔
سیفٹی کے لیے پاکستان اسپیک ماڈل میں 6 ایئر بیگز، اینٹی لاک بریکنگ سسٹم ، الیکٹرانک بریک فورس ڈسٹری بیوشن ، ٹریکشن کنٹرول، پارکنگ سینسرز اور ٹائر پریشر مانیٹرنگ سسٹم شامل ہیں۔
پاکستان میں قیمت اور بکنگ کا طریقہ کار:
چنگان نیوو ہنٹر REEV کی پاکستان میں ابتدائی قیمت 1 کروڑ 9 لاکھ 90 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس کی بکنگ کے لیے 22 لاکھ روپے کی رقم درکار ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ابتدائی قیمت مخصوص شرائط و ضوابط کے تحت ہے، اس لیے صارفین کو بکنگ سے قبل متعلقہ ڈیلر سے قیمت، ڈیلیوری اور دیگر شرائط کی تصدیق کی ہدایت کی گئی ہے۔ الیکٹرک و ہائبرڈ گاڑیوں کے بڑھتے رجحان میں یہ پک اپ ایک مختلف اور جدید آپشن کے طور پر سامنے آئی ہے۔




