نالہ لئی

راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش ، نالہ لئی کے بہاؤ میں اضافہ

راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اور واسا نے ہنگامی اقدامات شروع کرتے ہوئے نالہ لئی سمیت دیگر نالوں کی نگرانی مزید سخت کردی ہے۔

راولپنڈی میں موسم کی صورت حال کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ نالہ لئی کے اطراف آبادیوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش میں گولڑہ میں سب سے زیادہ 60 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بوکرہ میں 31، شمس آباد میں 25، پیرودھائی میں 25، نیو کٹاریاں میں 21 جبکہ گوالمنڈی میں 22 ملی میٹر بارش ہوئی۔

ایم ڈی واسا کے مطابق مسلسل تیز بارش کے نتیجے میں نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 11 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کی سطح 6 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارش: راجہ بازار پانی میں ڈوب گیا، نالہ لئی میں طغیانی پر فلڈ الرٹ جاری

واسا کا عملہ نالہ لئی اور دیگر نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کے ساتھ موجود ہے، جبکہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنےکیلئے اضافی عملہ بھی تعینات کردیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نالہ لئی سمیت تمام اہم نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور بارش کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔

نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری نکاسی آب کیلئے ضروری مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پری الرٹ جاری کردیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش: رین ایمرجنسی نافذ، اگلے 2 سے 4 گھنٹے انتہائی اہم !

انتظامیہ نے شہریوں، بالخصوص نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر افراد کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔