لاہور: پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ باولر وسیم اکرم نے بھارتی سوشل میڈیا صارف کی جانب سے پاکستانی باولر سے متعلق کئے گئے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے من گھڑت قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بھارتی صارف نے دعویٰ کیا تھا کہ لاہور میں قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران ایک پاکستانی باولر نے وسیم اکرم کی جانب سے بولنگ میں تکنیکی خامی دور کرنے کی کوشش پر انہیں جواب دیا کہ وہ اپنی بولنگ خود جانتا ہے اور اسے وسیم اکرم کی رہنمائی کی ضرورت نہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیش کی آسٹریلیا کے خلاف تاریخی ٹیسٹ فتح، وسیم اکرم بھی متاثر
صارف نے مزید دعویٰ کیا تھا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وسیم اکرم نے قومی ٹیم کی کوچنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
وسیم اکرم نے براہ راست ردعمل دیتے ہوئے بھارتی صارف کے دعوے کو مسترد کر دیا۔
Are you coming up with random crap again ? It never happened, everyone in Pakistan has utmost respect for me including the Pakistan cricket team . https://t.co/sdOaRuA4eh
— Wasim Akram (@wasimakramlive) August 20, 2026
انہوں نے واضح کیا کہ ایسا کوئی واقعہ کبھی پیش نہیں آیا اور پاکستان میں ہر شخص بشمول قومی کرکٹ ٹیم ان کا بے حد احترام کرتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ وسیم اکرم نے اپنے حوالے سے گردش کرنے والی غلط معلومات کی تردید کی ہو۔
یہ بھی پڑھیں:مالی مسائل حل نہ ہوئے تو بنگلا دیش پریمیئر لیگ منعقد نہیں کرینگے، تمیم اقبال
اکتوبر 2025 میں بھی انہوں نے بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ پر تنقید کی تھی جس میں ہریانہ میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار ایک یوٹیوبر کے ساتھ ان کی تصویر استعمال کی گئی تھی۔
وسیم اکرم نے اس موقع پر بھی صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کو معلومات شیئر کرنے سے قبل حقائق کی تصدیق کرنے کا مشورہ دیا تھا۔




