اسلام آباد(کشمیرڈیجیٹل)سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو علاج کیلئے آج الشفاء ہسپتال منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے حوالے سے وزیراعظم شہبازشریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ،دونوں رہنمائوں نے عمران خان کی ہسپتال منتقلی پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ آج رات کسی بھی وقت عمران خان کو الشفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کردیا جائےگا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم سابق وزیر اعظم اب تک اڈیالہ جیل میں موجود ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:قومی اسمبلی وسینیٹ:نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ ترمیم اور ڈیفنس فورسز ایکٹ 2026 منظور
اس حوالے سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقلی کے سوال پر کہا ہے کہ ابھی رات 12 بجے تک کا وقت ہے، یہ کام اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جو بھی کرنا ہے، وہ کر رہے ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کو طبی بنیادوں پر نجی اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا گیا۔ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا جب ان کی صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے قانونی ٹیم اور فیملی کی جانب سے مسلسل خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا۔
عدالت نے تین رکنی بینچ کے فیصلے کے تحت بانی پی ٹی آئی کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستانی فضائی حدود کی بندش، بھارتی ایئرلائنز کو اربوں ڈالر کا نقصان
ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کو ان کے ہمراہ رہنے جبکہ اہلخانہ کو ہفتے میں ایک بار ملاقات کی اجازت بھی دی گئی ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت کو آئندہ ماہ کی 16 تاریخ تک ملتوی کرتے ہوئے انہیں اس دوران اسپتال ہی میں زیر علاج رکھنے کا حکم دیا ہے۔
سماعت کے دوران عدالت نے نجی اسپتال میں منتقلی کے اخراجات اور میڈیکل رپورٹس کی رازداری سے متعلق اہم سوالات اٹھائے۔ وکیل صفائی نے یقین دہانی کروائی کہ تمام اخراجات فیملی خود برداشت کرے گی جبکہ سلمان اکرم راجا نے عدالت کو یہ گارنٹی دی کہ طبی رپورٹس کو ہرگز سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔




