آزاد کشمیر اسمبلی کا اجلاس 24 اگست کو طلب، نو منتخب ارکان حلف اٹھائیں گے

مظفرآباد: صدر آزاد جموں و کشمیر نے نو منتخب قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 24 اگست 2026 کو دن 2 بجے مظفرآباد میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں نو منتخب اراکین قانون ساز اسمبلی اپنے عہدوں کا حلف اٹھائیں گے، جبکہ اسی اجلاس میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ بھی مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق 24 اگست آزاد کشمیر کی پارلیمانی سیاست کے حوالے سے انتہائی اہم دن ہوگا۔ اسی روز قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر بھی انتخابات ہوں گے۔ مخصوص نشستوں میں خواتین کی 5 نشستیں جبکہ علماء و مشائخ، اوورسیز کشمیریوں اور ٹیکنوکریٹ کے لیے 1، 1 نشست شامل ہے۔ ان نشستوں پر پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر اسمبلی: 8 مخصوص نشستوں پر کاغذاتِ نامزدگی جمع، ن لیگ اور پی پی پی کے امیدوار آمنے سامنے

مخصوص نشستوں پر پولنگ مکمل ہونے کے بعد اسی روز دوپہر 2 بجے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوگا۔ اجلاس کے آغاز میں نو منتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے، جس کے بعد اسمبلی کی نئی پارلیمانی قیادت کے انتخاب کا مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔