آزاد کشمیر اسمبلی: 8 مخصوص نشستوں پر کاغذاتِ نامزدگی جمع، ن لیگ اور پی پی پی کے امیدوار آمنے سامنے

مظفرآباد: الیکشن شیڈول کے مطابق آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات کے لیے امیدواروں نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیے ہیں، جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدواروں کے درمیان انتخابی معرکہ طے پا گیا ہے۔ جمع کرائے گئے کاغذات میں خواتین کی 5 جبکہ علماء و مشائخ، اوورسیز کشمیریوں اور ٹیکنوکریٹ کی 1، 1 نشست شامل ہے۔

ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بیرسٹر افتخار علی گیلانی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے صاحبزادہ ذوالفقار نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ علماء و مشائخ کی مختص نشست کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پیر مظہر سعید اور پیپلز پارٹی کی جانب سے حافظ طارق محمود کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ اوورسیز کشمیریوں کے لیے مخصوص نشست پر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے چوہدری عبدالرحمان آرائیں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے ہیں، جبکہ ان کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کی جانب سے کسی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کرائے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر اسمبلی کی مخصوص نشستیں: ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان امیدوار فائنل!

خواتین کی 5 مخصوص نشستوں کے لیے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سحرش قمر، مریم کشمیری، مریم ادریس اور رفعت عابد نے اپنے کاغذات جمع کرائے ہیں، جبکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شاہین کوثر تارڑ، زوبیہ خورشید راجہ اور فرزانہ یعقوب کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کیے گئے ہیں۔ مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے درمیان مقابلے اور کامیابی کا حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مقررہ انتخابی مراحل مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے نامزدگیوں کی منظوری