پاکستان ہاکی کو بھارت سے شکست،ورلڈ کپ سے بھی باہر ہو گئی

نیدرلینڈز اور بیلجئیم میں کھیلے جانے والے والے ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026میں پاکستان ٹیم ناقص پرفارمنس کے باعث پول مرحلے میں ہی ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔

روایتی حریف بھارت نے اہم میچ میں گرین شرٹس کو 3-5 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ 8 سال بعد عالمی کپ میں واپسی کرنے والی پاکستانی ٹیم گروپ ڈی میں ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔

یہ بھی پڑھیں: ہاکی ورلڈ کپ:پاکستان کا مایوس کن آغاز، پہلے میچ میں انگلینڈ سے شکست

نیدر لینڈز کے شہر ایمسٹلوین کے ویگنر ہاکی اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے پول ڈی کے اہم میچ میں بھارت نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔

بھارت کے کپتان ہرمن پریت سنگھ نے پانچویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ 11ویں منٹ میں ابھیشیک نے فیلڈ گول کرکے بھارت کی برتری 0-2 کردی۔

دوسرے کوارٹر کے 21 ویں منٹ میں ہرمن پریت سنگھ نے ایک اور پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے اسکور 0-3 کردیا۔ پاکستان نے 22 ویں منٹ میں حنان شاہد کے فیلڈ گول کی بدولت خسارہ کم کیا تاہم اگلے ہی منٹ ابھیشیک نے اپنا دوسرا گول کرکے بھارت کی برتری 1-4 کردی۔

میچ کے 24 ویں منٹ میں پاکستان کے سفیان خان نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے اسکور 2-4 کردیا، اس طرح ہاف ٹائم تک بھارت کو پاکستان کے خلاف دو گول کی برتری حاصل رہی۔

تیسرے کوارٹر کے آغاز کے 4 منٹ بعد بھارت کو پنالٹی اسٹروک ملا جس پر ہاردک سنگھ نے گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری 2-5 کردی جب کہ چوتھے اور آخری کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کیا، جس کے بعد اسکور 3-5 ہوگیا۔

اس سنسنی خیز مقابلے میں گرین شرٹس نے مزید گول کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم کامیابی نہ مل سکی اور بھارتی ٹیم نے اہم لمحات میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے 3 کے مقابلے 5 گول سے کامیابی اپنے نام کی۔

بھارت کی جانب سے ہرمن پریت سنگھ اور ابھیشیک نے 2،2 جب کہ ہاردک سنگھ نے ایک گول کیا جب کہ پاکستان کی طرف سے حنان شاہد نے 2 اور سفیان خان نے ایک گول اسکور کیا۔

اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کا ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا سفر پول مرحلے میں اختتام پذیر ہوگیا۔ پاکستان نے گروپ ڈی میں تین میچ کھیلے، جن میں ایک بھی کامیابی حاصل نہ کرسکا۔

قومی ٹیم کو اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست ہوئی تھی جب کہ دوسرے میچ میں پاکستان اور ویلز کے درمیان مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا تھا۔ بھارت کے خلاف شکست کے بعد پاکستان 3 میچوں میں 2 شکست اور ایک ڈرا کے ساتھ ایونٹ سے باہر ہوگیا۔

نامنٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا جبکہ 8 سال بعد عالمی کپ میں واپسی کرنے والی پاکستانی ٹیم گروپ ڈی میں ایک بھی میچ جیتنے میں ناکام رہی۔

یہ بھی پڑھیں:ایشین گیمز،ہاکی مقابلوں کا شیڈول جاری،پاکستان کو مضبوط حریفوں کا سامنا

دوسری جانب گروپ ڈی کے ایک اور میچ میں انگلینڈ نے ویلز کو 8-2 سے شکست دی۔ انگلینڈ نے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی جب کہ بھارت پاکستان کو شکست دے کر دوسرے مرحلے میں پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت ورلڈ کپ میں 16 سال بعد آمنے سامنے آئے تھے۔ دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ 28 فروری 2010 کو نئی دہلی میں ورلڈ کپ میچ میں مدمقابل ہوئی تھیں، جہاں بھارت نے پاکستان کو 1-4 سے شکست دی تھی۔

ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے باہمی مقابلوں میں بھارت کو 3-2 کی برتری حاصل ہے۔