جھکیں گے نہیںِ،امریکہ ہماری شرائط پرمذاکرات کیلئے ’’گڑگڑا‘‘ رہا ہے،عباس عراقچی

تہران (کشمیر ڈیجیٹل)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ جنگ میں امریکا کا اصل مقصد ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کرنا تھا تاہم ہم واضح کر چکے ہیں کہ ہم کسی صورت ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے دعویٰ کیا کہ ’امریکہ اب ہماری شرائط کے مطابق ہم سے مذاکرات کیلئے گڑگڑا رہا ہے‘۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم شہبازشریف نے پاکستان میں گوگل دفتر کا افتتاح کر دیا

عباس عراقچی کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کے ساتھ دستخط کی گئی مفاہمت کی یادداشت میں ’13 شقیں ہمارے حق میں اور صرف ایک ان کے حق میں ہے۔

عباس عراقچی نے واضح کیا کہ’ہم نے جنگ بھی جیتی اور ہم نے سفارتی میدان میں بھی کامیابی حاصل کی اور ہم نے دشمن کو اپنی شرائط ماننے پر مجبور کر دیا ہے‘۔

دوسری جانب ایرانی نائب وزیر خارجہ برائے قانونی و بین الاقوامی امور کاظم غریب آبادی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کو ’نیا امریکی علاقہ‘ قرار دینے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ کے حوالے سے ٹرمپ کی ’خام خیالی‘ جلد دور کر دی جائے گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وفاقی حکومت کا عمران خان کی ہسپتال منتقلی کا عدالتی فیصلہ چیلنج کرنے کا اعلان

کاظم غریب آبادی نے اپنے ایک بیان میں لکھا، ’جلد ہی آبنائے ہرمز کے حوالے سے ٹرمپ کی خام خیالی یا تو خودبخود دور ہو جائے گی، یا پھر ہم اس وہم میں مبتلا شخص کی خام خیالی کو دور کردیں گے‘۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک تصویر پوسٹ کی تھی جس میں آبنائے ہرمز کا نقشہ دکھایا گیا تھا اور اسے امریکا کا نیا علاقہ قرار دیا تھا۔