عمران خان سے نورین نیازی کی ملاقات ختم، میڈیا سے گفتگو کرنے سے انکار

راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل)اڈیالہ جیل میں نورین نیازی کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کرادی گئی۔

ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور نورین نیازی کی ملاقات کانفرنس روم میں ہوئی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر ہائیکورٹ: تیرھویں ترمیم سمیت اہم آئینی درخواستوں کی سماعت 9 ستمبر مقرر

جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں صحت اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی، جبکہ نورین نیازی نے بانی پی ٹی آئی کو سپریم کورٹ کے حکم سے بھی آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق نورین نیازی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات تقریباً 45 منٹ تک جاری رہی۔

ملاقات کے بعد نورین نیازی واپس روانہ ہوگئیں اور میڈیا سے گفتگو کرنے سے انکار کردیا۔ صحافی کے سوال پر نورین نیازی نے صرف ملاقات ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات ہوگئی ہے۔

بعدازاں علیمہ خان اور عظمیٰ خان بھی نورین نیازی کی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوگئیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے طبی معائنے کے حکم کو پی ٹی آئی میڈیا نے اسپتال منتقلی کا ڈراما بنا دیا

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو سخت سکیورٹی میں اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے اور کہا ہے کہ اسپتال کے باہر امن و امان کی صورتحال متاثر نہیں ہونی چاہیے۔