باغ: آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ اور گنتی کا عمل مکمل ہوگیا، جس کے بعد غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیاء القمر نے کامیابی حاصل کرلی۔
غیر حتمی نتائج کے مطابق سردار ضیاء القمر نے 17,118 ووٹ حاصل کیے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مشتاق احمد منہاس 15,221 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔ یوں سردار ضیاء القمر نے اپنے مدمقابل کو 1,897 ووٹوں کی برتری سے شکست دی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باغ ری پولنگ:قمرالزمان کو شکست،مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر خان کامیاب
حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ میں سردار ضیاء القمر، بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر پروفیسر خان محمد خان اور مشتاق احمد منہاس کے درمیان کانٹے دار مقابلہ ہوا۔ کامیابی کے بعد سردار ضیاء القمر مسلسل دوسری مرتبہ ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوگئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کی محکمہ ان لینڈ ریونیو تقریب میں شرکت، افسران میں اعزازی شیلڈز تقسیم
حلقے کے جن پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوئی، ان میں 135 کیانہ مردانہ و زنانہ، 143 بی ایچ ایس ہٹالہ پدر مردانہ، 144 ہٹالہ پدر مردانہ، 145 گہل چھپڑیاں مردانہ، 146 گہل چھپڑیاں زنانہ، 147 بڑی باڑی مردانہ اور 148 بڑی باڑی زنانہ شامل تھے۔
واضح رہے کہ مذکورہ نتائج غیر حتمی اور غیر سرکاری ہیں، حتمی نتائج متعلقہ انتخابی حکام کی جانب سے جاری کیے جائیں گے۔




