آزاد کشمیر کی نئی حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے آج ہفتہ15اگست کو مری میں پارٹی اجلاس طلب کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے اہم اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کےلیے پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی جائے گی اور نئے قائد ایوان کی نامزدگی کا بھی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مریم نواز سے فاتح کیانی کی اہم ملاقات،کیا آزادکشمیر حکومت میں ایڈجسٹ کیا جائیگا؟
ذرائع کے مطابق مری اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، حمزہ شہباز سمیت وفاقی وزراء اور سینئر پارٹی رہنما بھی شریک ہوں گے ۔
مری اجلاس میں ن لیگ کے تمام نو منتخب اراکین آزاد کشمیر اسمبلی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے نئے قائد ایوان، اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر، صدرِ ریاست اورموسٹ سینئروزیرسمیت تمام عہدوں پرمشاورت مکمل کرلی ہے اور حتمی منظوری آج سربراہ مسلم لیگ محمد نوازشریف دیں گے۔
ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں میں سے ٹیکنو کریٹ اور اوورسیزکیلئے6،خواتین کیلئے 10 اور علماء کیلئے 3 سے زائد امیدواروں کی فہرست لیگی قیادت کو موصول ہوچکی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے مسلم لیگ(ن)کی جانب سے نئے قائد ایوان، سپیکر، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب اگلے ہفتے متوقع ہے۔
ادھر مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی جانب سے خو مخصوص نشستوں کے لیے مجوزہ نام سامنے آگئے ہیں۔ خواتین کی نشستوں کیلئے ماریہ اقبال ترانہ، ناصرہ خان، مریم کشمیری، نثارہ عباسی ،سحرش قمر، راجہ فاتح محمود کی والدہ کے نام شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگی وفد ساجد اقبال کے پاس پہنچ گیا، حکومت میں شمولیت کی دعوت
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئے راجا شاداب سکندر جبکہ علما و مشائخ کی نشست کیلئے پیر مظہر سعید کا نام تجویز کیا گیا ہے۔
اوورسیز کی مخصوص نشست کے لیے عبدالرحمان آرائیں یا راجا محمد جاویدمیں سے کوئی نام فائنل ہونے کا امکان ہے۔




