ٹرمپ کا آبنائے ہرمز سے متعلق بیان،ایران کا سخت ردعمل آگیا

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کے بیان پر سخت ردعمل دیا ہے۔

کاظم غریب آبادی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو کھولنے یا بند کرنے کا اختیار صرف ایران کے پاس ہوگا، ایران امریکی دھمکیوں یا طاقت کے مظاہرے سے خوفزدہ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جلد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان کرونگا، ٹرمپ کی دھمکی

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل کہا تھا کہ وہ جلد آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کا اعلان کریں گے۔

فاکس نیوز سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا ایران پر سخت معاشی دباؤ ڈالنے کی تیاری کر رہا ہے تاکہ تہران کو جنگ ختم کرنے پر مجبور کیا جاسکے۔

قبل ازیں اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے میخائل اولیانوف نے آبنائے ہرمز میں آزاد جہاز رانی سے متعلق امریکی مؤقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے ناقابلِ فہم قرار دیاتھا۔

میخائل اولیانوف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز سے آزادانہ جہاز رانی کا مطالبہ کر رہا ہے، تاہم ان کے بقول یہی آزادی ایران کے خلاف امریکی جارحیت کے نتیجے میں متاثر ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں:انسانی حقوق تنظیموں نے امریکی صدر ٹرمپ کیخلاف مقدمہ دائر کردیا

روسی مندوب نے کہا کہ امریکا اب اپنی اسٹریٹجک غلطی کے نتائج کو جنگ جاری رکھ کر ختم کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر موجودہ صورتحال امریکی اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہے تو اسی پالیسی کے تسلسل سے مسئلہ کیسے حل ہوگا۔