آزاد کشمیر پولیس

راولاکوٹ میں شرپسندوں کی فائرنگ ،3 اہلکار شدید زخمی، ریاستی رٹ چیلنج کرنیوالوں سے سختی سے نمٹا جائیگا،پولیس

آزادکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ راولا کوٹ میں کالعدم جو ائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے شر پسند مسلح جتھوں نے شہر کے اطراف میں اچانک شدید فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی پر مامور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 3جو ان شدید زخمی ہو گئے۔

زخمی ہونے والے اہلکاروں میں پولیس کے کانسٹیبل عرفان احمد ، رینجرز کے سپاہی تصور اور فیڈرل کا نسٹیبلری (ایف سی این ) کا ایک جوان شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی نے الیکشن ڈیوٹی پر آئے 8 پولیس اہلکار اغوا کررکھے ہیں،ایس ایس پی خاور علی شوکت

ڈی آئی جی پونچھ کے ترجمان کا پریس ریلیزمیں  کہنا ہے کہ تینوں زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ راولا کوٹ منتقل کر دیا گیا ہے ، جہاں انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اس واقعے پر دوٹوک موقف ہے کہ عوامی حقوق کے لبادے میں چھپے یہ مسلح جتھے در حقیقت امن دشمن عناصر ہیں۔

ڈی آئی جی پونچھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے، جو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اس انتشاری کمیٹی کے کارندوں نے قانون کو اپنے ہاتھ میں لیا ہو ، اس سے قبل بھی ایسے متعدد پر تشد د واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں ان اشتعال انگیز مسلح جتھوں کی اندھا دھند فائرنگ کے باعث ہمارے نڈر اہلکار جام شہادت نوش کر چکے ہیں اور کئی شدید زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی عوام کالعدم کمیٹی کے انتشار پسند عناصر کے حقیقی چہرے سے بخوبی آگاہ ہو چکی ہے اور وہ اس نام نہاد کمیٹی کو مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں۔

ڈی آئی جی پونچھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب یہ عناصر اپنی عوامی حمایت کھو دینے اور روز بروز گرتی ہوئی ساکھ کو بچانے کے لیے اس قسم کی مجرمانہ اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر پولیس یہ واضح کر دینا چاہتی ہے کہ ریاست کی رٹ کو ہر صورت بحال رکھا جائے گا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں پر خلاف حملہ کرنے والے ان تمام شر پسند عناصر ، ان کے سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈز کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور ریاست ان کے خلا آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔

یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ فائرنگ واقعہ: بھارتی خفیہ ایجنسی را سے منسلک اکاؤنٹ کا بیانیہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے گروپس میں بھی گردش کرنے لگا

ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی آزاد کشمیر کے پر امن ماحول کو خراب کرنے اور قانون کی دھجیاں اڑانے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ریاستی رٹ، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالا دستی ہر صورت بر قرار رکھی جائے گی اور جو بھی شخص یا گر وہ اس رٹ کو چیلنج کرے گا، اسے قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔