آزادکشمیر الیکشن کےتین مراحل مکمل،سپیکر، وزیراعظم کا انتخاب آئندہ ہفتے ہوگا،طارق فضل چوہدری

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہوچکے ہیں۔الیکشن میں عوام نے مسلم لیگ ن کو مینڈیٹ دیدیا ہے ۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری مل چکی ہے ۔ تیسرے مرحلے کے اختتام پر مسلم لیگ (ن) 24 نشستیں حاصل کر چکی ہے، فارمولے کے تحت 3 خواتین اور 3 دیگر مخصوص نشستیں بھی ن لیگ کو ملیں گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن نتائج : ضلعی صدر ن لیگ عابد بخاری کی زیرصدارت ہنگامی اجلاس،حویلی بند کرنے کا اعلان

وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مخصوص نشستوں میں اوورسیز، ٹیکنوکریٹ اور علماء و مشائخ کی سیٹیں شامل ہیں۔ مخصوص نشستوں کے بعد مسلم لیگ ن کی کل نشستوں کی تعداد 30 ہو جائے گی۔

وفاقی وزیرنے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ ہفتے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا، اسمبلی اجلاس میں اراکین کا حلف اور مخصوص نشستوں پر الیکشن ہوگا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن : حویلی الیکشن چیلنج،محسن عزیز کی درخواست سماعت کیلئے منظور

وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ اگلے ہفتے ہی اسپیکر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب بھی مکمل کر لیا جائے گا، آزاد کشمیر میں ایک مستحکم اور مضبوط حکومت قائم ہونے جارہی ہے، موجودہ حالات کے پیش نظر آزاد کشمیر میں مضبوط حکومت کا قیام ضروری ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر انتخابات صاف، شفاف اور کریڈیبل ہوئے، آزاد کشمیر الیکشن میں کسی بھی بدنظمی یا دھاندلی کی کارروائی کے خلاف زیرو ٹالرنس رہی ہے، شفاف الیکشن سے الیکشن کمیشن، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ میں اضافہ ہوا۔