وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے حلقہ کوٹلی سٹی سے نوجوان ٹکٹ ہولڈر فاتح محمود کیانی نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران فاتح محمود کیانی نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو سادہ اکثریت حاصل کرنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم آزادکشمیر کے حلقہ کا انتخابی نتیجہ تاخیر کا شکار،پولنگ بیگز مظفرآباد طلب
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے پیچھے مریم نواز شریف کی جاندار انتخابی مہم اور پنجاب حکومت کی شاندار کارکردگی کا اہم کردار ہے۔
مریم نواز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں بہترین مقابلہ کرنے پر فاتح محمود کیانی کو مبارکباد دی اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
فاتح محمود کیانی نے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے حوصلہ افزائی پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ قیادت کی جانب سے ملنے والی حوصلہ افزائی کارکنوں اور امیدواروں کے حوصلے مزید بلند کرتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنوں نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھرپور محنت کی اور عوام نے پارٹی کی قیادت اور منشور پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
فاتح محمود کیانی کا کہنا تھا کہ انشااللہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی آئندہ حکومت قائد میاں نواز شریف کی قیادت اور رہنمائی میں آزاد کشمیر میں بھی ترقی اور خوشحالی کا سفر شروع کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا جال بچھایا جائے گا اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی منصوبوں اور گورننس کے شعبوں میں عملی اقدامات نظر آئیں گے۔
فاتح محمود کیانی نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں خدمت، ترقی اور عوامی فلاح کا جو نیا ماڈل متعارف کرایا ہے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اسی وژن کو آزاد کشمیر میں بھی آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی اور خطے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کیا جائے گا۔
فاتح محمود کیانی مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے نوجوان رہنما ہیںاور انہوں نے کوٹلی کے حلقہ سٹی سے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین کے مقابلے میں الیکشن میں حصہ لیا اور بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر رہے۔
یہ بھی پڑھیں:حویلی :انتخابی نتائج پر تنازعہ، خواجہ طارق سعید کا ری کاؤنٹنگ کا مطالبہ
یاد رہے کہ فاتح محمود کیانی کے والد ، سابق سیکرٹری ڈاکٹر محمود الحسن کیانی اکتوبر 2023 میں لاہور میں ہونے والے مسلم لیگ(ن) جلسے سے کوٹلی واپسی پر میرپور کے قریب ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔
فاتح محمود کیانی کے خاندان کے شریف خاندان سے فیملی تعلقات ہیں اوراسی بنا پر ان کو کوٹلی شہر سے ٹکٹ جاری کیا گیا تھا،اب آزادکشمیر حکومت میں فاتح محمود کیانی یا ان کے خاندان میں سے کسی کو ایڈجسٹ کئے جانے کا امکان ہے۔




