حویلی :انتخابی نتائج پر تنازعہ، خواجہ طارق سعید کا ری کاؤنٹنگ کا مطالبہ

آزاد امیدوار خواجہ طارق سعید کے ترجمان نے حلقہ حویلی کہوٹہ کےانتخابی نتائج پرشدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مصدقہ پولنگ اسٹیشن نتائج میں ردو بدل کے ذریعے انتخابی مینڈیٹ تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق 160 پولنگ اسٹیشنز کے مصدقہ نتائج موصول ہونے تک خواجہ طارق سعید کے ووٹ 21 ہزار 768 تھے، جبکہ باقی پولنگ اسٹیشنز سے مزید 3 ہزار 245 ووٹ موصول ہوئے

مزید یہ بھی پڑھیں:ربیع الاول کا چاند 14اگست کو نظر آنے کا امکان ہے،سپارکو

ترجمان کا دعویٰ ہے کہ اس کے بعد رات سے خورشید آباد سمیت مختلف علاقوں میں موبائل سروس کا بلیک آؤٹ کر دیا گیا اور چھانجل سمیت متعدد مرکزی و رابطہ سڑکیں مبینہ طور پر منظم منصوبہ بندی کے تحت بند رکھی گئیں۔

ترجمان نے الزام عائد کیا کہ سڑکوں کی بندش کا مقصد خواجہ طارق سعید اور ان کے نمائندوں کو کہوٹہ اور ریٹرننگ افسر کے دفتر تک پہنچنے سے روکنا تھا۔ ان کے بقول، گزشتہ رات پولنگ اسٹیشنز سے جاری مصدقہ نتائج میں کھلم کھلا ٹمپرنگ کی گئی اور یہی معاملہ انتخابی عمل کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کو باقاعدہ درخواست ارسال کر دی گئی ہے اور پورے حلقے کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹمپر شدہ نتائج کسی صورت تسلیم نہیں کیے جائیں گے اور عوام کے ووٹ پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیا جائے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی فیصلہ قبول ،ساجد اقبال عباسی کو کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں،سردارعتیق

خواجہ طارق سعید کے ترجمان کے مطابق پولنگ اسٹیشنز کےمصدقہ ریکارڈ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل راٹھور کےووٹ تقریباً 19 ہزار کےقریب ہیں، اس لیے الیکشن کمیشن تبدیل شدہ نتائج کی بنیاد پر کسی امیدوار کو کامیاب قرار دینے سے گریز کرے۔

ترجمان نے چیف الیکشن کمشنر، چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ حویلی کہوٹہ کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اصل اور تصدیق شدہ ریکارڈ کو سامنے لایا جائے، فوری ری کاؤنٹنگ کرائی جائے اور عوام کے حقیقی مینڈیٹ کا فیصلہ شفاف انداز میں کیا جائے۔

انہوں نےواضح کیاکہ خواجہ طارق سعید کے حامی دھاندلی اور نتائج میں ردوبدل کے خلاف عوامی، قانونی و آئینی راستہ اختیار کریں گے اور اصل انتخابی نتائج کے اعلان تک اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔