پنجگور( کشمیر ڈیجیٹل)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر تیز رفتار کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں 10 اگست 2026 کو دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اوراس دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شام:سابق صدر بشار الاسد کو کزن سمیت سزائے موت کا حکم
بیان میں کہا گیا کہ آپریشن ملک میں قیام امن اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد پراکسیز کے خاتمے کے لیے جاری انسداد دہشت گردی مہم کا حصہ تھا اور کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم برآمد کیے، جنہیں موقع پر ہی تباہ کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے فوری بعد علاقے میں کلیئرنس اورسینیٹائزیشن کارروائی بھی کی گئی تاکہ باقی ماندہ خطرات کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:خاران شہر میں سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، شہر میں داخل ہونیوالے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردہلاک کردئیے
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظور کردہ وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔




