دمشق (کشمیر ڈیجیٹل)شامی عدالت نے سابق صدر بشار الاسد اور ان کے ایک کزن کو سزائے موت سنا دی۔
اے ایف پی کے مطابق دمشق کی ایک فوجدرای عدالت نے منگل کو معزول صدر بشار الاسد کو، خانہ جنگی کے دوران ’’جنگی جرائم‘‘ اور ’’انسانیت کے خلاف جرائم‘‘ کے الزامات میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد، اُن کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنا دی۔
بشار الاسد کو پیشگی منصوبہ بندی اور جان بوجھ کر قتل کے الزامات میں سزائے موت سنائی گئی ہے، بشار الاسد کے دورِ حکومت میں 2011 سے 2024 کے دوران 3 لاکھ شامی باشندوں کو قتل کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سردار قمرالزمان اور ضیاء القمر پھنس گئے، 23 اسٹیشنز پر ری پولنگ کا اعلان
جبکہ ایک لاکھ 54 ہزار افراد کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا۔ بشارالاسد کی فوج نے خواتین اور بچوں سمیت ایک لاکھ 35 ہزار افراد کو مخصوص جیلوں میں انسانیت سوز اذیتیں دے کر قتل کیا۔
2012 سے 2019 کے دوران مخالفین پر کیمیائی ہتھیاروں کے 330 حملے کیے گئے۔ بشارالاسد کی فوج نے مخالفین پر فاسفورس اور کلسٹر بم بھی برسائے۔ کلورین اور سارین گیسوں کے ساتھ سلفر مسٹرڈ کا بھی استعمال کیا گیا۔
اسی مقدمے میں سیکیورٹی عہدے دار بشار الاسد کے ماموں زاد کزن عاطف نجیب کو بھی جنوبی صوبے درعا میں اُس کریک ڈاؤن کی قیادت کرنے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی، جس کے نتیجے میں بغاوت شروع ہوئی اور بعد ازاں خانہ جنگی چھڑ گئی۔
سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان نجیب قیدیوں کی وردی پہنے ایک پنجرے کے اندر کھڑے تھے جب جج نے سزا سنائی۔
یاد رہے کہ دسمبر 2024 میں باغیوں کے دمشق میں داخل ہونے کے بعد اسد اور ان کے بھائی ماہر روس فرار ہوگئے تھے۔ بعد ازاں نجیب کو گرفتار کر لیا گیا اور وہ مقدمے کا سامنا کرنے والے اعلیٰ ترین عہدے داروں میں شامل ہو گئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی فیفا صدر کی حمایت: عہدے سے ہٹانا ’بڑی غلطی‘ قرار
دمشق کی فوجداری عدالت میں اسد خاندان کے پانچ عشروں پر مشتمل اقتدار کے ختم ہونے کے 20 ماہ بعد خاندان کیخلاف یہ پہلی سزائیں ہیں۔
سرکاری ٹی وی پر براہ راست نشر ہونے والے عدالتی اجلاس کے دوران جج فخرالدین العریان نے کہا کہ بشار الاسد نے ریاستی ایجنسیوں کو جنگی جرائم اور انسانیت کیخلاف جرائم کے ارتکاب کیلئے استعمال کیا۔
واضح رہے کہ اسی مقدمے میں بشار الاسد کے ماموں عاطف نجیب کو بھی سزائے موت سنائی گئی تھی جسے جنوبی صوبے درعا میں کریک ڈاؤن کی نگرانی کرنے کا مجرم قرار دیا گیا تھا جو بغاوت اور بعد میں خانہ جنگی کا باعث بنا۔




