آزادکشمیر انتخابات، پی پی کے فیصل راٹھور، ضیاء قمر کامیاب،ن لیگ کےمیر اکبر کو برتری، سردار عتیق کو شکست

اسلام آباد: آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں4 نشستوں پر ہونیوالی پولنگ کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آگئے ہیں اوربڑے اپ سیٹ بھی سامنے آئے ہیں۔

غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے 14غربی باغ میں سابق وزیراعظم وصدر مسلم کانفرنس سردار عتیق خان شکست کھا گئے اور ساجد عباسی نے میدان مار لیا،ایل اے15وسطی باغ  سے سردار ضیاء قمر جیت گئے، سابق وزیراعظم وصدر آئی پی پی آزادکشمیر سردار تنویر الیاس اور ن لیگ کے مشتاق منہاس بھی ہار گئے۔ ایل سے 16 میں مسلم لیگ(ن) کے سردارمیر اکبر کو برتری حاصل ہے، ایل اے17 حویلی کہوٹہ سے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور جیت گئے ہیں۔

ایل اے 14

حلقہ ایل اے 14 دھیرکوٹ کے تمام 214 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج موصول ہو گئے ہیں جس کے مطابق عوامی دست و بازو پارٹی کے امید وار ساجد اقبال 40 ہزار 702 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ مسلم کانفرنس کے امید وار ، سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان 19 ہزار 542 ووٹ حاصل کر سکے ہیں۔

سردار عتیق خان کی شکست کو بڑا پ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ 1985سے یہ نشست مسلم کانفرنس جیتتی آئی ہے،سردار عتیق خان کے والد مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان بھی اسی نشست سے کامیاب ہوتے رہے ہیں۔

ماضی میں غربی باغ میں سردار عتیق خان کیخلاف کئی اتحاد بنے لیکن کامیاب نہیں ہوسکے تھےاور ہمیشہ سردار عتیق خان بھاری اکثریت سے کامیاب ہو جاتے تھے۔

عوامی دست و بازو پارٹی کے امید وار ساجداقبال نے مختلف حکمت عملی اپناتے ہوئے سردار عتیق خان کو شکست سے دوچار کیا۔

ذرائع کے مطابق ساجداقبال کا یواے ای میں بڑا بزنس ہے اور گزشتہ5سالوں کے دوران انہوںنے حلقہ میں کروڑوں روپے اپنی جیب سے لگا کر سڑکیں، سکول تعمیر کرائے اور پانی کی سکیمیں بھی دیں جس پر عوام میں انکی بھرپور پذیرائی ہوئی اور مضبوط امیدوار کو ہرادیا۔

سردار عتیق خان کی شکست سے ریاستی جماعت مسلم کانفرنس دہائیوں بعد اسمبلی سے باہر ہوگئی، گزشتہ الیکشن میں مسلم کانفرنس کے صرف سردار عتیق خان ہی الیکشن میںکامیاب ہوئے تھے۔

ایل اے 15

حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ کے 181پولنگ سٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ آ گیاہے جس میں پیپلز پارٹی کے ضیاقمر 16 ہزار 637 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس 15 ہزار 15 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور جماعت اسلامی کے بریگیڈیئر راجا محمد خان 12 ہزار سے زائد ووٹ لے تیسرے نمبر پرہیں جبکہ سابق وزیراعظم وصدر آئی پی پی سردار تنویر الیاس چوتھے نمبر پر رہیں۔

سابق الیکشن میں یہاں سے سردار تنویرالیاس نے 19ہزار سے زائد ووٹ لےکر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ انکی نااہلی پر ضمنی الیکشن میں ضیاء قمر جیتے تھے۔

ایل اے 16

حلقہ ایل اے 16 شرقی باغ کے 186 میں سے 174پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امید وار سردار میر اکبر 18ہزار950ووٹ لے کر پہلے اورپاکستان پیپلزپارٹی کے سردار قمرالزمان خان 15ہزار750ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ایل اے 16 باغ تھری کے 12 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ ہوگی، الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ تک ایل اے 16 باغ تھری کے مکمل نتائج روک لیے ہیں۔

واضح رہے کہ بعض پولنگ اسٹیشن پر تصادم اور کچھ پر ووٹرز کے بائیکاٹ کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی۔

ایل اے 17

حلقہ ایل اے 17 حویلی کے تمام 190 پولنگ اسٹیشنز کا غیر حتمی و غیر سرکاری نتیجہ موصول ہوگیا ہے، جس کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر وپی پی امیدوار فیصل ممتاز راٹھور31 ہزار 839ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز 28 ہزار 975 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ طارق سعید 8 ہزار 295 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

دوسری طرف مسلم لیگ(ن) کے امیدوار نے وزیراعظم فیصل راٹھورپردھاندلی کا الزام لگادیا ہے اور ذرائع کے مطابق مسلم لیگی کارکنوں نےریٹرنگ افسر کے دفتر کے باہر دھرنا دیدیا ہے۔

یاد رہے کہ ابتدائی نتائج میں حلقہ میں مسلم لیگ(ن)کے امیدوارچوہدری محسن عزیز کو برتری حاصل تھی ۔

یہ بھی پڑھیں: ایل اے 16شرقی باغ،سردار میر اکبر کو برتری، نتیجہ روک لیا گیا،12سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہوگی