ایرانی صدر کا سپریم لیڈر کی صحت سے متعلق بڑا بیان سامنے آگیا

ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای مارچ میں اپنے والد آیت اللہ خامنہ ای کی جگہ اس منصب پر فائز ہونے کے بعد سے تاحال منظر عام پر نہیں آئے ہیں جس کے باعث قیاس آرائیاں جنم لے رہی ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر مسعود پزیشکیان جنہوں نے اس قبل یہ بیان دیا تھا کہ سپریم لیڈرمجتبیٰ خامنہ ای سے بالمشافہ ملاقات اب بہت مشکل ہوگئی ہے، نے ایک اہم بیان جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا فیصلہ 6 شرائط سے مشروط کردیا

ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت سے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر صحت مند قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں مجتبیٰ خامنہ ای سے ایک انتہائی اچھی ملاقات ہوئی جس کے دوران دونوں نے تقریباً 7 سے 8 گھنٹے تک گفتگو کی۔

ایرانی صدر نے کہا کہ جو شخص مسلسل کئی گھنٹے بیٹھ کر گفتگو کرسکتا ہو اسے صحت کے مسائل لاحق نہیں ہوسکتے۔

خیال رہے کہ اتوار کو ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی مہر نیوز نے بھی ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں مجتبیٰ خامنہ ای ایک وفد سے گفتگو کر رہے ہوتے ہیں اور صحت مند دکھائی دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:محسن رضائی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں سپریم لیڈر کے نمائندہ مقرر

اس ویڈیو کی تاریخ اور مقام واضح نہ ہونے کے باعث مزید قیاس آرائیوں نے جنم لیا تھا جس کے بعد اب ایرانی صدر کی سپریم لیڈر سے ملاقات اور صحت سے متعلق بیان نے ابہام دور کردیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ ویڈیو ایسے دعوئوں کے بعد سامنے آئی تھی جن میں اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر کی حالت تشویش ناک ہے اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔