ٹرمپ

ایران سے مذاکرات، ٹرمپ نے نئی شرط عائد کردی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مستقبل کے مذاکرات کے لیے نئی شرط عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اب تہران سے ماضی کی کارروائیوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے لیے معاوضہ طلب کریگا۔

ٹرمپ کا بیان ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے امریکا سے جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا معاوضہ مانگنے کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ جلد ختم ہونے والی ہے، تیل کی قیمتیں مزید کم ہوں گی: صدرٹرمپ

پیر کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے مؤقف اپنایا کہ اگر ایران گزشتہ پانچ ماہ کے فوجی تنازع کے دوران امریکا اور اسرائیل کی کارروائیوں سے ہونے والے نقصانات کے بدلے معاوضے کا مطالبہ کر رہا ہے تو امریکا بھی ایران سے معاوضہ طلب کرے گا۔

صدر ٹرمپ کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندے گزشتہ پانچ ماہ کے فوجی تنازع کے دوران ہونے والے نقصانات پر معاوضہ مانگ رہے ہیں تاہم ان کے بقول ایران نے امریکا کے ساتھ ہونے والے کسی بھی سابقہ مذاکرات یا ملاقات میں اس مطالبے کا ذکر نہیں کیا تھا۔

امریکی صدر نے کہا کہ گزشتہ 5 ماہ کا فوجی تنازع اس لیے شروع ہوا کیوں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے معاوضے کا مطالبہ سامنے آنے کے بعد اب وہ بھی ایران سے ان تمام افراد کی ہلاکتوں اور شدید زخمی ہونے کے واقعات پر معاوضہ طلب کر رہے ہیں جو ان کے بقول ایرانی کارروائیوں میں متاثر ہوئے۔

انہوں نے روڈ سائیڈ بم دھماکوں اور دیگر تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران سے ان کارروائیوں میں ہلاک اور شدید زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں کے لیے معاوضہ طلب کیا جائے گا۔ انہوں نے سابق ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کا بھی حوالہ دیا۔

صدر ٹرمپ نے یو ایس ایس کول (USS Cole) پر حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سمیت جنگی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے ہزاروں دیگر افراد کے خاندانوں کے لیے بھی معاوضے کا مطالبہ کیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران کو گزشتہ 50 برس کے دوران ملک میں احتجاج کرنے والے ان شہریوں کے خاندانوں کو بھی معاوضہ ادا کرنا چاہیے جنہیں ان کے بقول ایرانی حکومت نے ہلاک کیا۔

انہوں نے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ہلاک ہونے والے 52 ہزار افراد کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان ہلاکتوں پر بھی معاوضہ ادا کیا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی اسپیکر اورچیف مذاکرات کار باقر قالیباف کا ٹرمپ کے بیانات پر ردِعمل، مذاکرات کی پیشکش

صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت کردی ہے کہ ایران سے معاوضے کا مطالبہ مستقبل میں ہونے والے تمام مذاکرات میں واضح طور پر شامل کیا جائے۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے بھی آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے معاملے پر امریکا سے معاوضے کا مطالبہ سامنے آیا ہے۔ ایک روز قبل ایرانی پاسداران انقلاب کے بااثر عہدیدار محمد باقر ذوالقدر نے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے 6مطالبات پیش کیے تھے۔