سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہونے والے انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ (آئی این ایس او 2026) کے تیسرے ایڈیشن میں پاکستانی طلبہ نے 3اعزازات اپنے نام کرکے ملک کا نام روشن کردیا۔
یہ ایونٹ کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں 2 سے 9 اگست تک ’ایک روشن مستقبل کے لیے روشن ذہن‘ کی تھیم کے تحت منعقد کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے طلبہ کو 5 ہزار لیپ ٹاپ دینے کی منظوری دے دی گئی
انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ میں 19 ملکوں سے 120 طلباء وطالبات اور ماہرین نے شرکت کی۔ سعودی عرب، پاکستان، چین، جاپان، روس، ترکیہ، ملائیشیا، انڈونیشیا اور دیگر شامل تھے۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی سرپرستی میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) کے تحت منتخب کیے جانے والے طلبہ نے اولمپیاڈ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طالب علم محمد علی نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ایف جی سر سید کالج دی مال، راولپنڈی کے محمد عثمان اور نکسر کالج کراچی کی سیرت فاطمہ بھٹی نے سلور میڈل جیتے۔
اولمپیاڈ ہائی سکول کے طلبہ کو جوہری سائنس سے متعلق معلومات اور صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک بین الاقوامی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اور دنیا بھر کے نوجوان محققین کے درمیان سائنسی مہارت، جدت اور باہمی تعاون کو فروغ دیتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت میں طلبہ کی تحریک پھیل گئی،جھارکھنڈ میں ہزاروں نوجوان سڑکوں پر آگئے، دھرنا شروع
نوجوان طلبہ کو جوہری سائنس اور اس کے پُرامن استعمال کے بارے میں اپنی علمی صلاحیت اور فہم کے اظہار کا موقع فراہم کرتا ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان 2027 میں انٹرنیشنل نیوکلیئر سائنس اولمپیاڈ کے چوتھے ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔ تیسرے ایڈیشن کے اختتام پر سعودی عرب نے میزبانی پاکستان کے حوالے کی۔




