سکیورٹی فورسز نے بروقت موصول ہونے والی انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کاشنگی میں مبینہ طور پر بی ایل اے کے حملے کی کوشش ناکام بنانے ہوئے کارروائی کے دوران بی ایل اے کے 7 مبینہ کارندوں کے ہلاک کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کو علاقے میں عسکریت پسندوں کی موجودگی اور ممکنہ کارروائی سے متعلق پیشگی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس کے بعد فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیا اور مشتبہ افراد کے خلاف آپریشن کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آپریشن رد الفتنہ 3 ، خضدار میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کا رروائی ، 8دہشت گرد جہنم واصل کر دئیے
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس میں 7 مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری رکھنے کی بھی اطلاعات ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بلوچستان بھر میں جاری آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت عسکریت پسندوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کا حصہ ہے۔ سکیورٹی اداروں کی جانب سے صوبے کے مختلف علاقوں میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز اور سرچ اینڈ کلیئرنس کارروائیاں جاری رکھنے کی اطلاعات ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں::ردالفتنہ3: ارگ اور زیارت میں کارروائیاں تیز،دہشتگردوں کا بھاری نقصان، متعدد ٹھکانے تباہ
سکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردی اور عسکریت پسندانہ سرگرمیوں کے خلاف کارروائیوں کا مقصد شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے۔ تاہم کاشنگی میں ہونے والی کارروائی اور ہلاکتوں سے متعلق مزید تفصیلات اور سرکاری مؤقف سامنے آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہو سکے گی۔




